کشمیری ظلم اٹھانے پر فیس بک نے ریڈیو پاکستان کی لائیو سٹریمنگ کو بلاک کر دیا

ٹیکنالوجی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے ریڈیو پاکستان کی لائیو سٹریمنگ کو بلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ریڈیو پاکستان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر رپورٹنگ کی وجہ سے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک انتظامیہ نے ہمارے نیوز بلیٹن کی لائیو سٹریمنگ کو بلاک کر دیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ریڈیو پاکستان نے فی الحال نیوز بلیٹن کو ویڈیو کی مشہور ویب سائٹ یوٹیوب پر نشر کرنا شروع کر ديا ہے۔

ریڈیو پاکستان نے وہ سکرین شاٹس بھی جاری کیے ہیں جن میں انہیں ماضی میں فیس بک کی طرف سےکچھ مضامین کے شائع کرنے پر خبردار کیا گیا تھا۔ مضامین کشمیری ہیرو شہید برہان وانی کے بارے میں تھے۔

کیا فیس بک کا یہ اقدام سیاسی ہے؟ اور کیا فیس بک کے پاس ایسا کرنے کا اختيار ہے؟ ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈیجیٹل رائٹس اور سائبر سکیورٹی کے ماہر اسامہ خلجی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ فیس بک امریکی کمپنی ہے، اس لیے اس پر امریکی قوانین کا ادراک ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے حزب المجاہدین کو کالعدم جماعت قرار دے چکا ہے، لہٰذا جب کسی پوسٹ میں اس تنظیم یا رہنماؤں کا ذکر ہوتا ہے تو فیس بک پر بلاک کر دیا جاتا ہے۔ اس لیے ریڈیو پاکستان کی خبروں کی لائیو سٹریمنگ کو بلاک کیا گیا۔

اُسامہ کی رائے میں فیس بک کی جانب سے قدم پیچیدہ معاملہ ہے کیونکہ امریکا میں اظہار رائے کے حق پر کافی زور ہے۔ کشمیر میں بھارت کی سرگرمیوں کو رپورٹ کیا جانا چاہیے، یہ وہی معاملہ ہے کہ کسی ایک لیے جو دہشت گرد ہے، وہ کسی اور کے لیے حریت پسند ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں