نیب آرڈیننس کا مقصد سرمایہ کاری بڑھانا ہے: وزیراعظم عمران خان

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب آرڈیننس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے تاکہ فیکٹریاں لگائی جا سکیں۔

خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کو سہولتیں دیں گے، انصاف کارڈ بھی دیں گے۔ ہماری حکومت خواجہ سراؤں کو اپنا رہی ہے، خواجہ سرا بڑی مشکلات سے گزرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا خواب انصاف کا نظام پیدا کرنا تھا، کوشش تھی کہ مشکل معاشی حالات کے اندر کمزور طبقے اور غریب طبقے کو صحت کارڈ دینے کا فیصلہ کیا، اس کا مقصد غریب عوام ہسپتال میں جا کر اپنا علاج کرا سکے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے تمام طبی سہولتیں میسر ہوں گی۔ مشکل وقت میں پریشانی نہیں ہو گی۔ حکومت کمزور طبقے کو اوپر اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب آرڈیننس کے خدوخال سے متعلق اکثر وزرا لاعلم، وزیراعظم سے شکوے

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو 2019ء میں بری معاشی حالات ملے، ایک وقت میں روپیہ بہت تیزی سے گر رہا تھا، اس کے بعد مہنگائی آئی جس کا عوام تصور بھی نہیں کر سکتے تھے یہ مہنگائی آئے گی، 2020ء کے دوران نوکریاں پیدا کریں گے، ہم اپنی انڈسٹری چلوائیں، نیب آرڈیننس کا مقصد بزنس بڑھانا ہے تاکہ فیکٹریاں لگائی جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کو بڑھانے لگے ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خوردو نوش سستی کریں گے، لنگر خانے مزید کھولیں گے، نوجوانوں کو مزید قرض دیں گے۔ 

اس سے قبل نیب آرڈیننس کے معاملے پر اکثر وزرا نے وزیراعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر مشاورت ہونی چاہیے تھی۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں حکومتی وزرا کا کہنا تھا کہ کسی بھی قانون سازی پر حکومتی بیانیہ سے متعلق مشاورت پہلے ہونے چاہیے جبکہ کسی بھی قانون سازی پر پہلے کابینہ میں بحث کروائی جائے۔

وزرا کا کہنا تھا کہ متفقہ رائے اور مشاورت کے بعد ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے۔ قانون سازی سے قبل مشاورت سے حکومتی موقف کو تقویت مل سکے گی۔ کسی بھی قانون سازی سے قبل آئندہ میڈیا سٹریٹجی بنائے جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزرا کے شکوے شکایات سننے کے بعد واضح ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی قانون سازی کے معاملہ پر آئندہ کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والا سزا کا حق دار، نیب آرڈیننس پر ردعمل سب کے سامنے ہے، کسی قیمت پر احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت میڈیا سٹریٹجی اجلاس ہوا جس میں نیب ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ نیب آرڈیننس پر جو ردعمل آیا، وہ سب کے سامنے ہے۔

وزیراعظم نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ جس نے کرپشن کی وہ سزا بھگتے گا۔ ہم نے معیشت کی بہتری کیلئے انتھک کوشش کی۔ 2020ء میں عام آدمی کی بہتری کیلئےاقدامات کریں گے اور معیشت میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں