سفارتخانے کی القدس منتقلی ،اسرائیل کا10ممالک سے رابطہ
اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانے منتقل کرنے کے حوالے سے 10 ممالک سے رابطہ کیا ہے
تل ابیب(دنیا مانیٹرنگ) ۔ اسرائیلی ڈپٹی وزیر خارجہ زیپی ہوٹو ویلز نے دعویٰ کیاکہ القدس میں سفارتخانہ منتقل کرنے کے حوالے سے اسرائیل10 ممالک سے رابطے میں ہے ۔ڈپٹی وزیر خارجہ نے کسی ملک کا نام نہیں لیا البتہ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان 10 ممالک میں سے کچھ یورپی ممالک بھی ہیں اور فی الحال ہم ابتدائی مراحل میں ہیں۔زیپی ہوٹو ویلز نے مزید کہااب تک سب نے صرف شروعات دیکھی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے ہمارے حامیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 دسمبر کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کا اعلان کیاتھا۔جس کے بعد پیرکو گوئٹے مالا نے بھی اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا۔اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی فیصلے کے خلاف ترکی اور یمن کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی جس کے حق میں 128 ممالک نے ووٹ دیا اور صرف 9 ملکوں نے قرارداد کی مخالفت کی۔ان میں گوئٹے مالا، ہُنڈراس، ٹوگو، مائیکرونیشیا، نورو، پالو، مارشل آئیلینڈز اور دیگر شامل تھے ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قرارداد کی منظوری کے بعد امریکہ کو سبکی کا سامنا ہے جب کہ قرارداد کی منظوری سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلے نے قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک کو دھمکیاں بھی دیں جسے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی بڑی تعداد خاطر میں نہ لائی۔ رابطہ