موسیقار فیروز نظامی کی 40ویں برسی آج منائی جائیگی

لاہور میں پیدا ہوئے ،شوکت حسین رضوی کی فلم جگنو نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا
لاہور (کلچرل رپورٹر) موسیقار فیروز نظامی کی 40ویں برسی آج منائی جائے گی۔وہ 10نومبر 1910 میں لاہور میں پیدا ہوئے ۔ اپنے شوق کی خاطر وہ ممبئی چلے گئے جہاں ان کی پہلی ہی فلم وشواس کے گانے بے حد مقبول ہوئے ۔ 1944میں انکی فلم امنگ ریلیز ہوئی۔ 1946میں شربتی آنکھیں’ اس پار، ہماری بستی، رنگین آنکھیں، علی بابا ،امرراج، بڑی بات اوردیگرفلمیں کامیاب ہوئیں ،تاہم ہدایتکارسیدشوکت حسین رضوی کی فلم جگنو کی موسیقی نے فیروز نظامی کوفن کی بلندیوں تک پہنچادیا ۔1947 میں وہ پاکستان آگئے اور تین سال تک انہوں نے کوئی کام نہیں کیا ۔ انہوں نے 1951 میں شوکت حسین رضوی کی پہلی پنجابی فلم چن وے کا میوزک دیا ملکہ ترنم نورجہاں نے ان کی تخلیق کردہ دھنوں کواس قدرخوبصورتی سے گایاکہ وہ گیت امرہوگئے جن میں تیرے مکھڑے دا کالا کالا تل وے او ردیگرشامل ہیں ۔ 1952 میں شوکت حسین رضوی کی اردو فلم ڈوپٹہ کا میوزک دیا اس کے بعد انہوں نے جن فلموں میں موسیقی دی ان میں ہماری بستی ، سوکن، سولہ آنے ، منگول، منزل، راز، قسمت، ہیر، چن وے اوردیگرشامل ہیں بعدازاں انہوں نے فلمی دنیا چھوڑ کر لاہور آرٹس کونسل میں میوزک پرنسپل کی ملازمت اختیار کر لی وہ پانچ کتابوں کے مصنف بھی تھے وہ 15نومبر 1975کو انتقال کرگئے ۔