اداکارہ تنوشری دتہ جنسی ہراسگی پر ایک بار پھر بول پڑیں
گزشتہ چند ماہ میں ان گنت شخصیات نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنے ساتھ پیش آنیوالے جنسی ہراسگی کے واقعات کو دنیا کے سامنے رکھا ہے
لاہور(نیٹ نیوز)گزشتہ چند ماہ میں ان گنت شخصیات نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنے ساتھ پیش آنیوالے جنسی ہراسگی کے واقعات کو دنیا کے سامنے رکھا ہے ۔می ٹو اور ٹائمز اپ مہم ہالی ووڈ سے نکل کر ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے خوفناک تجربات کی آواز بنی۔بالی ووڈ میں ریچا چڈھا، سوارا بھاسکر اور کونکونا شرما کے بعد تنوشری دتہ نے بھی اپنے ساتھ پیش آنیوالے واقعے کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے کھول کررکھ دیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ انڈسٹری میں کیسے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا ہمارا ملک بہت منافق ہوچکا ہے لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ بھارت میں می ٹو مہم کیوں نہیں چل رہی تو میں ان سے کہتی ہوں یہ تب تک نہیں چلے گی جب تک اس بات کو نہیں مانا جائیگا کہ 2008میں میرے ساتھ کیا ہوا ۔یاد رہے کہ 2008 میں تنوشری نے ایک اداکار پر ان کیساتھ ایک گانے کی شوٹ کے دوران غیر اخلاقی حرکت کرنیکا الزام عائد کیا تھا۔تنوشری نے کہا اس اداکار نے ان کیلئے چیزیں اتنی ناقابلِ برداشت کردی تھیں کہ انہیں گانا ہی چھوڑنا پڑا۔