شہباز شریف کا پنجاب روزگار بینک کے قیام کا اعلان

شہباز شریف کا پنجاب روزگار بینک کے قیام کا اعلان

پاکستان کی عزت محلوں میں مانگے تانگے کے قیمتی پتھر لگانے سے نہیں سولر انرجی کے عظیم منصوبے سے بڑھے گی:بہاولپور میں خطاب میٹرو بس منصوبے کو جنگلا بس کہنے والے آج اپنی سیاسی موت مر چکے ، جلد پٹوار کا بوسید ہ نظام دفن ہو جائے گا :لودھراں میں تقریر

لاہور (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،خبرایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صوبے میں پنجاب روز گار بینک کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے روز گار نوجوانوں کو انتہائی آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں گے اوروہ کاروبار شروع کر کے اپنے خاندانوں کی خود کفالت کر سکیں گے ،پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں دس ارب روپے موجود ہیں او راس میں ہر سال دو ارب روپے کا اضافہ کیا جائے گا، اگر قیام پاکستان کے فورا ً بعد اس قسم کے وظائف کا وفاق اور تمام صوبوں میں اجراء کر دیا جاتا تو آج پاکستان کاکوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہ رہتا، نیت صاف ،ارادے مضبوط ہوں تو مشکل ترین چیلنج بھی آسان ہوجاتا ہے اور منزل مل جاتی ہے ۔وہ گزشتہ روزاخوت تنظیم کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر امجد ثاقب کی کتاب ‘‘اخوت کا سفر ’’کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے 10ہزار روپے سے مشکل سفر کا آغاز کیا، آج ان کا ادارہ 6ارب روپے نوجوانوں کو بطور قرض حسنہ تقسیم کرچکاہے اور ان قرضوں کی واپسی تقریباً سو فیصد ہے جو ایک نا قابل یقین حقیقت ہے ،ہم سے چھوٹے ملک سائنس و ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے ہم سے آگے نکل گئے ہیں اور وہ سپر طاقتوں سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر باتیں کرتے ہیں جبکہ ہم ایٹمی قوت ہونے کے باوجوداغیار کے ا حکامات ماننے پر مجبور ہوتے ہیں،تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جس کے ذریعے غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔دریں اثناء بہاولپور میں قائداعظم سولر انرجی پارک کی جگہ کے معائنے اور بریفنگ کے بعد لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ منصوبہ 200ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری لائے گا جس سے جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل جائے گی۔ماضی کی حکومت نے توانائی سیکٹر میں ایسے منصوبے شروع کئے جن میں بد ترین کرپشن ہوئی،اسلام آباد، پشاور، کراچی کے محلوں میں مانگے تانگے کے قیمتی پتھروں سے پاکستان کی عزت و تکریم میں اضافہ نہیں ہو گا بلکہ سولر انرجی کے اس عظیم منصوبے سے پاکستان کی عزت بڑھے گی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے لودھراں میں 125 بستروں کے نئے تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ بعدازاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد ہی پٹوار کا بوسید ہ نظام دفن ہو جائے گا اور لوگوں کو رشوت ،سفارش اور کرپشن سے نجات ملے گی،لاہور میں 30ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے میٹرو بس منصوبے کو جنگلا بس کہنے والے آج اپنی سیاسی موت مر چکے ہیں۔ شہباز شریف

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں