پاکستان سب کا سانجھا اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا : شہباز شریف

پاکستان سب کا سانجھا اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا : شہباز شریف

امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی ، قومی یکجہتی کے ذریعے فرقہ واریت کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، اجلاس سے خطاب ، بیوہ سے زیادتی کا نوٹس

لاہور( سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمدیقینی بنایا جائے ۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان باقاعدگی سے صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے اور کابینہ کمیٹی برائے امن وامان ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ ملک تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے ، دہشت گردی و انتہاپسندی سمیت ملک کو دیگر مسائل کا سامنا ہے ۔ دشمن ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے لیکن قوم کے اتحاد کی طاقت سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اور یہی وجہ ہے کہ اس جانب بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے ، تمام تر اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے فرقہ واریت کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے ۔ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اشتعال انگیز مواد اور لٹریچر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اسی طرح اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر بھی موثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے ۔ اشتعال انگیز تقاریر اور وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس اور مقررہ اوقات کی پابندی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے -وزیراعلیٰ نے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب کمیٹیاں سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گی- صوبائی، ڈویژنل ، ضلعی اور تحصیل سطح پر امن کمیٹیوں کے اراکین متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ شہباز شریف کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات پرعملدرآمد کاجائزہ لینے سے متعلق اجلاس 3گھنٹے تک جاری رہا- وزیر اعلیٰ پنجاب نے مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں بیوہ سے مبینہ زیادتی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مظفر گڑھ سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ شہباز شریف

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں