عدلیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہوئی تو سڑکوں پر نکلیں گے: سہیل آفریدی

پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہوگا، اگر عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو فیصلہ سڑکوں پر ہو گا۔

پروگرام   ’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 92 ارکان ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، انہیں کوئی خرید نہیں سکتا اور ان کی کتاب میں پیچھے ہٹنے کا نام نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ اپنے نظریے پر کھڑے ہیں اور انہیں کوئی ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا، اہم ملاقاتوں میں کبھی بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات نہیں کی، کمرے کے اندر جو بات کرتے ہیں باہر بھی وہی کہتے ہیں، کون کس سے رابطے میں ہے، انہیں اس کا علم نہیں اور اپنے خلاف کسی سازش کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، وہ عدلیہ کے ذریعے باہر آنا چاہتے ہیں، کسی ڈیل کے ذریعے نہیں، بانی پی ٹی آئی ہسپتال سے واپس جیل جائیں گے اور ان کے بیرون ملک جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق سہیل آفریدی نے کہا کہ پاور شیئرنگ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، تاہم مولانا جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ بہت مثبت بات چیت چل رہی ہے، جو بھی ان کے مؤقف کے ساتھ آئے گا اس سے ہاتھ ملائیں گے۔

نئے صوبوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے بات کرنی چاہیے، نئے صوبے بنانے کے لیے 25 ٹریلین روپے درکار ہوں گے، نئے صوبوں کے حوالے سے ان سے کسی نے بات نہیں کی اور اس معاملے پر مشاورت میں موجودہ حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں نو فلائی لسٹ میں ڈالا گیا ہے اور ان کا پاسپورٹ بھی بلاک ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں سب سے کم ہیں، انہوں نے  واضح کیا کہ 27 ستمبر کا احتجاج صرف ایک دن کا احتجاج نہیں بلکہ اس کا پورا پلان تیار ہے۔ 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ہر لحاظ سے ناکام ہوچکے ہیں اور آئندہ بجٹ سے پہلے سب کچھ عوام کے سامنے عیاں ہو جائے گا۔

سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے اپنے وزراء بھی اعتراف کر رہے ہیں کہ نظام تقریباً کولیپس کر چکا ہے جبکہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لیڈر اور عمران خان کے لیے انصاف کی خاطر ہر حد تک جائیں گے، انہوں نے کبھی اقتدار یا کرسی کی لالچ نہیں کی اور نہ ہی کسی سازش سے خوفزدہ ہیں۔ ان کے بقول ان کی اصل طاقت عوام ہیں اور انہیں بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ منتخب کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وہ کروڑوں نوجوانوں کی امید ہیں اور اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہیں گے، ان کے کارکن جانتے ہیں کہ وہ نہ ڈرتے ہیں اور نہ ہی انہیں خریدا جا سکتا ہے، عمران خان سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور جب انصاف ملے گا تو وہ رہا ہو جائیں گے۔

سہیل آفریدی نے مزید واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ سے کبھی کوئی بات نہیں کی گئی، جبکہ نئے صوبوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی رائے لینا ضروری ہے، پاراچنار کے حالات پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...