عید،14اگست:ممنون قیدیوں کو 6ماہ کی معافی دینا بھول گئے

 عید،14اگست:ممنون قیدیوں کو 6ماہ کی معافی دینا بھول گئے

جیلوں میں ایک ہزار کے قریب قیدی سابق صدر کی معافی کا انتظار کرتے رہے

لاہور(مدثرحسین سے )سابق صدر ممنون حسین عیدالاضحیٰ اور 14اگست کو پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو 6ماہ کی معافی دینا بھول گئے ۔ جیلوں میں بند ایک ہزار کے قریب قیدی سابق صدرممنون حسین کی معافی کا انتظار کرتے رہ گئے ۔ جبکہ گزشتہ سال سابق صدر کی طرف سے عید ین اوریوم آزادی پر دی جانے والی معافی سے 390قیدیوں کو رہائی ملی تھی اور 498قیدیوں کی سزائوں میں کمی ہوئی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر ممنون حسین رواں برس پنجاب کے قیدیوں کو معافی دینا بھی بھول گئے ۔صدر کی طرف سے عیدالاضحیٰ اور 14اگست یوم آزادی کے موقع پر جیلوں میں قیدیوں کو تین تین ماہ کی معافی دی جاتی ہے ۔ سابق صدر نے ان دونوں مواقع پر پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو معافی نہیں دی ۔ جیل ذرائع کے مطابق سابق صدر کی طرف سے معافی نہ دینے کی وجہ سے قیدیوں میں کافی مایوسی پائی جا رہی ہے ۔ اور اب قید یوں نے نئے صدر عارف علوی سے امیدیں لگا لی ہیں ۔ سابق صدر کی طرف سے 2017میں عید پر دی جانے والی معافی سے جیلوں میں بند 91قیدیوں کی رہائی ہوئی تھی اور 418قیدیوں کی سزائوں میں کمی ہوئی تھی ۔ جبکہ 2017میں 14اگست کو دی جانے والی معافی پر 299قیدیوں کو رہائی ملی تھی اور 80قیدیوں کو فائدہ ہوا تھا ۔ واضح رہے کہ صدر کی طرف سے دی جانے والی معافی کا اطلاق صرف معمولی جرائم میں ملوث قید یوں پر ہوتا ہے ۔ دہشت گردی،قتل ، اغوا برائے تاوان و دیگر سنگین مجرموں پر معافی کا اطلاق نہیں ہوتا ۔ قیدی /معافی

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں