شہبازشریف کو گرفتار کیوں کیا گیا؟

شہبازشریف کو گرفتار کیوں کیا گیا؟

آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں صدر ن لیگ شہبازشریف کو گرفتار کیوں کیا گیا؟ اس حوالے سے ان پر متعدد الزامات سامنے آئے ہیں

(محمد حسن رضا ) نیب کی جانب سے کہاگیا ہے کہ شہبازشریف پر پہلا الزام یہ ہے کہ ان کی وزارت اعلیٰ کے دور میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی طرف سے منصوبے کے لئے ہتھیائی گئی زمین پر کروڑوں روپے کا نقصان ہوا اور معاملات کو غیر قانونی طریقے سے چلایا گیا ، جس کی وجہ سے قومی خزانے کو بہت بڑا نقصان ہوا۔ شہبازشریف نے میرٹ پر آنیوالی کمپنی لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ منسوخ کرکے لاہور کاسا ڈویلپرز کو دیا جو کہ ایک بڑے گروپ پیراگون سٹی کیساتھ ملکر کام کرتی ہے ، جس کی وجہ سے 19کروڑ 30لاکھ روپے کا نقصان ہوا ۔ دوسرا یہ کہ شہبازشریف نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو حکم دیا کہ وہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کی ذمہ داری دے اور اس کے بعد دوبارہ لاہور کاسا ڈویلپرز کو ٹھیکہ ایوارڈ کر دیا گیا ، جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو 71کروڑ 50لاکھ روپے کا نقصان ہوا ، تیسرا الزام شہبازشریف پر یہ ہے کہ انہوں نے میرٹ کے برعکس آشیانہ اقبال ہائوسنگ سوسائٹی کی کنسلٹنسی سروسز کے لئے کئی گنا مہنگا ٹھیکہ دیا ، نیسپاک کے مطابق 3کروڑ 50لاکھ روپے بنتے ہیں جبکہ شہبازشریف نے ایک پرائیویٹ کمپنی انجینئرنگ کنسلٹنسی سروس پنجاب کو 192ملین روپے جو کہ 19کروڑ 20لاکھ روپے بنتے ہیں کا ٹھیکہ دیا ۔شہباز شریف نے 2013 میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کو گھر فراہم کرنے کے لیے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا منصوبہ بنایا ،جس کے تحت6500گھر تعمیر کیے جانے تھے ۔ حکومت نے اس سلسلے میں تین ہزار کنال اراضی مختص کی ،پراجیکٹ کیلئے بولی کا عمل شروع ہوا اور سب سے بہتر بولی دینے والی کمپنی لطیف اینڈ سنز کو پراجیکٹ کا ٹھیکہ سونپ دیاگیا۔ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی(پی ایل ڈی سی) اورکاسا کمپنی میں2015 میں گھروں کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا۔کاسا کمپنی تین کمپنیوں سپارکو گروپ،بسم اللہ انجینئرنگ اور انہوئی کنسٹرکشن کمپنی کا کنسورشیم تھی،کاسا کمپنی کے مالک کے طور پر مبینہ طور پرندیم ضیا کا نام سامنے آیا ہے ۔ بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کے مالک بھی پیراگون سٹی کے چیف ایگزیکٹو ندیم ضیا ہیں ۔پی ایل ڈی سی نے ابھی گھر تعمیر نہیں ہوئے تھے لیکن اس حوالے سے اشتہار بازی کی اور 60 ہزار شہریوں نے فارم خریدے ۔پی ایل ڈی سی کی جانب سے 5 سو سکوائر فٹ کے گھر کی قیمت 13 لاکھ 99 ہزار روپے ،6 سو سکوائر فٹ گھر کی قیمت 14 لاکھ 99 ہزار اور 7 سو سکوائر فٹ گھر کی قیمت 15 لاکھ 99 ہزار روپے مختص کی گئی۔ اسی تناسب سے فارموں کی قیمت بھی 7سو روپے سے 1000 روپے تک تھی۔ اس طرح پی ایل ڈی سی نے تقریباً 4 کروڑ سے زائد کی رقم فارم فروخت کر کے حاصل کی۔یہ معاہدہ طے ہو ا تھا کہ تین سالوں میں یہ گھر تعمیر کر کے دیئے جائیں گے مگر دونوں جانب سے نا معلوم وجوہات کی بنا کر کام تاخیر کا شکار ہوتا گیا اور گھروں کی تعمیر شرو ع نہ ہو سکی جس کے بعد اپریل 2017 میں معاہدہ ختم کر دیا گیا۔ شہبازشریف نے بعدازاں پی ایل ڈی سی کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا مگر ایل ڈی اے بھی منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہا۔ نیب کے مطابق مجموعی طور پر قومی خزانے کو14ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔اس حوالے سے گھر کیلئے فارم خریدنے والے 61ہزار افراد نے اپنی شکایات نیب تک پہنچائیں ،جس پر جنوری2017 میں نیب نے اپنی تحقیقات کا آغاز کیا۔اس سکینڈل میں اب تک شہبازشریف سمیت 8 افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔نیب نے سب سے پہلے فروری2017 میں احد چیمہ کو گرفتارکیا۔ مارچ میں کاسا کمپنی کے کنسورشیم میں شامل بسم اللہ انجینئرنگ کے سی ای او شاہد شفیق کو گرفتار کیاگیا۔ایل ڈی اے کے چار عہدیداروں کو بھی نیب نے گرفتار کیا۔سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو چھ جولائی 2018کو نیب نے گرفتار کیا۔ان پرالزام تھا کہ انہوں نے لطیف سنز کا ٹھیکہ منسوخ کرواکے اپنی من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دلوایاتھا۔ فواد حسن فواد اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) کے سابق سربراہ احد چیمہ اسی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔خواجہ سعد رفیق سے بھی اس مقدمے میں پوچھ گچھ کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں