عمران خان کا بڑا فیصلہ:قائم علی شاہ کی بیٹی ، داماد کو ترقی
قائم علیشاہ کی نیب پیشی کے وقت ناہید درانی ،اقبال درانی کی گریڈ 22 میں پروموشن ناہید درانی کو انکی مر ضی کے مطابق سندھ میں ہی تعینات کرنیکی سفارش بھی منظور
لاہور(محمد حسن رضا )وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیوروکریسی اور اپوزیشن سے متعلق پہلا بڑا مثبت پہلو سامنے آیا،سول سروس میں پہلی بار میاں بیوی کو ایک ہی روز گریڈ 22میں ترقی دیدی گئی، یہ دونوں عام بیوروکریٹ نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کی بیٹی ناہید درانی اور ان کے داماد اقبال حسین درانی ہیں۔ عین اس وقت وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جب قائم علی شاہ نیب راولپنڈی میں پیشی بھگت رہے تھے ۔ ناہید درانی کو گریڈ 22میں ہونے کے باوجود ان کی مرضی کے مطابق سندھ میں ہی تعینات کرنے کی سفارش کو منظور بھی کر لیا گیا ۔جبکہ سید قائم علی شاہ کے داماد اقبال حسین درانی کو وفاقی سیکرٹری نیشنل سکیورٹی ڈویژن تعینات کر دیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان کے علم میں بھی مختلف ذرائع سے یہ بات لائی گئی تھی لیکن عمران خان کی جانب سے واضح احکامات دیئے گئے تھے کہ جو میرٹ پر آتا ہے اس کو پروموٹ کیا جائے ،چاہے اسکا تعلق کسی بھی خاندان سے ہو اور جو بیورو کرپٹ ہوگایا ریاست اور اداروں کیخلاف چلے گا اس کو فوری طورپر ہٹا دیا جائے گا ۔