پنجاب حکومت کا1سال:37یوٹرن، جرائم میں 25فیصد اضافہ

پنجاب حکومت کا1سال:37یوٹرن، جرائم میں 25فیصد اضافہ

حکومتی اخراجات30 فیصدبڑھے ، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر پر 22 کروڑ اضافی خرچ تھانہ کلچر نہ بدلا، بہتر اقدامات کئے :راجہ بشارت،کرپشن نہیں ہوئی:فیاض چوہان

لاہور(رپورٹ:محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے ایک سال میں تبادلوں،سیاست سمیت محکموں کے معاملات میں 37اہم یوٹرن لئے ،سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سمیت 198افسروں کے سیاسی بنیادوں پر تبادلے ہوئے جبکہ جرائم کی شرح میں 25فیصد تک اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ایک سال کی کارکردگی کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ معلوم ہوا کہ پنجاب میں عوام کے سفری اخراجات میں 50فیصد تک اضافہ ہوا ، حکومتی اخراجات 25سے 30فیصد تک بڑھے ،غیر منتخب نمائندوں کی جانب سے محکموں میں مداخلت ہوتی رہی، اسی طرح سرکاری محکموں میں 28ہزار 256فائلیں التوا کا شکار رہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کے لاہور دوروں میں بیوروکریسی ، وزرا کی جانب سے 95فیصد شکایات پر ایکشن لیا گیا،اسی طرح پولیس اصلاحات سے متعلق 9کمیٹیاں بنائی گئیں، لیکن ان تمام کمیٹیوں کا رزلٹ صفر ہی رہا،تھانہ کلچر تبدیل نہ ہوسکا۔ رواں سال جنوری سے جون تک جرائم کے 1لاکھ 96ہزار 762 کیس رپورٹ ہوئے اور 1ہزار 976افراد قتل ہوئے ، اغوا کے تقریباً7100، ریپ 1ہزار 776 اور گینگ ریپ کے 86کیس رپورٹ ہوئے ۔ بعض محکموں میں ایک سیکرٹری کے 6بار تک تبادلے ہوئے ،سیکرٹری خوراک شوکت علی کا بطور سیکرٹری زراعت تبادلہ کیا گیا، پھر مبینہ سفارش پر واپس کیا، پھر سیکرٹری ہائی ایجوکیشن لگایا، پھر تبادلہ واپس ہوا اور اسکے بعد انہیں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو لگادیا گیا۔ 15روز میں اسسٹنٹ کمشنر مظہر علی کا 5بار تبادلہ ہوا،ا سی طرح ایک اور اسسٹنٹ کمشنر عابد شوکت کا15 دنوں میں 4مرتبہ تبادلہ ہوا ، گریڈ 17 کے افسر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال کو بھی 3 ہفتوں میں متعدد بار ایک سے دوسری جگہ تبدیل کیاگیا۔ ایک سال کے دوان مرغی پال سکیم پر کام شروع نہ ہوا جبکہ اورنج لائن ٹرین چلنے کی تاریخ پر تاریخ ملتی رہی ۔ حکومت نے 30فیصد ترقیاتی بجٹ بلدیاتی اداروں کو منتقل ہونے کا دعویٰ کیا لیکن اداروں کو کچھ نہ ملا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا دعویٰ بھی دعویٰ ہی رہا۔ ایک سال میں حکومتی اخراجات بھی کم نہ ہوئے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دفتر، گھر پر 60کروڑ کے بجائے 78کروڑ 80لاکھ خرچ کئے گئے اورتزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ۔ وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر پر 22کروڑ 15لاکھ88ہزارروپے کے اضافی اخراجات کئے گئے ، ایئرٹرانسپورٹ کی مرمت کی مد میں 2کروڑ 21لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔دوسری جانب حکومت نے قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کیا اور 9لاکھ کنال زمین واگزار کروائی۔ اس حوالے سے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کہتے ہیں کہ پنجاب میں بہت بہتر اقدامات ہوئے ہیں، جس کا رزلٹ آئندہ چند ماہ میں سامنے ا ٓئیگا، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا اس حکومت کے ایک سال میں کسی جگہ بھی کرپشن نہیں ہوئی، کہیں پر کوئی غیرقانونی اقدام نہیں ہوا، عثمان بزدار کی تعیناتی سے کارکردگی بہتر رہی، اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں