نئے انتخابات پہلا ،ان ہائوس تبدیلی دوسرا آپشن رکھیں :نوازشریف کی ہدایت
مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف نے سینئر پارٹی رہنمائوں کوہدایت کی ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے نئے انتخابات کیلئے راہ ہموار کریں
اسلام آباد(طارق عزیز) مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف نے سینئر پارٹی رہنمائوں کوہدایت کی ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے نئے انتخابات کیلئے راہ ہموار کریں،شفاف اورغیر جانبدار انہ انتخابات کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کراصلاحاتی ایجنڈے پر کام کیا جائے کیونکہ موجودہ نظام کے تحت نئے انتخابات بھی بے فائدہ ہونگے ، دوسرے آپشن کے طور پر ان ہائوس تبدیلی کیلئے اپوزیشن سے مشاورت کر کے حکمت عملی طے کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق لندن مشاورتی اجلاس میں نئے انتخابات کے انعقاد اوران ہائوس تبدیلی کے آپشن پر غور کیا گیا ، لیگی رہنمائوں کی اکثریت نئے انتخابات کی بجائے ان ہائوس تبدیلی کی تجویز پیش کی جبکہ نواز شریف نے انہیں پہلی ترجیح کے طورپر نئے انتخابات کے لئے راہ ہموارکرنے کے لئے جدوجہد کی ہدایت کی اور کہا دوسری ترجیح کے طور پر ان ہائوس تبدیلی کے آپشن پرکام کیا جائے ، نواز شریف نے خواجہ آصف ، پرویز رشید ، ایازصادق ، احسن اقبال ، رانا تنویر ، امیر مقام ، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اور شہباز شریف کے ساتھ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔