وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، وفاقی وزرا کی شرکت ، پنجاب : میگا منصوبوں میں علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھا جائیگا : بزدار

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، وفاقی وزرا کی شرکت ، پنجاب : میگا منصوبوں میں علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھا جائیگا : بزدار

معاشی ترقی کا عمل تیز کیا جائے گا ،اجلاس سے خطاب ،پنجاب ‘ پلاننگ کمیشن میں کوآرڈی نیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق عید پر قیدیوں کی سزاؤں میں 2ماہ کی معافی،سینکڑوں رہا ہونگے ، کورونا ایس او پیز پر عمل کریں حکومت کا ساتھ دیں

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں کو شروع کیا جا رہا ہے اوران منصوبوں کے آغاز سے صوبے کے عوام کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا اور معاشی ترقی کا عمل تیز ہوگا،پنجاب کے ہر علاقے کو اس کا حق دیں گے ،جاری سکیموں کو بروقت مکمل کر نے کے ساتھ نئے منصوبے بھی شروع کررہے ہیں ، یہ بات انہوں نے اعلیٰ سطح کے ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے ترجیحات کا جائزہ لیا گیا،پنجاب حکومت کے میگا ترقیاتی منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے حوالے سے تجاویزپر غورکیا گیا،عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ترقیاتی پروگرام میں ہمارا فوکس سماجی شعبوں کی ترقی پر ہوگا،ترقیاتی منصوبوں میں علاقائی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔منصوبوں کے حوالے سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کی گئی ۔ یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیاہے ،پی ایس ڈی پی کے لئے علاقائی ترجیحات کا تعین کر کے متوازن پیکیج مرتب کیا ،وفاقی وزرا اسدعمر، حماد اظہراور خسرو بختیار نے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے تجاویز دیں ،اجلاس میں پنجاب حکومت اور پلاننگ کمیشن کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا،وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر،صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ادارے اور محکمے حکومتی گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں،حکومت نے عوام کی حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں،حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں،عوام سے اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں اور حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں، کوروناسے بچنے کا واحد حل گھروں میں رہنا ہے ،میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا،وزیراعلیٰ نے قیدیوں کیلئے عیدالفطر کے موقع پر پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی معافی کا اعلان کیا ہے ،سزاؤں میں دوماہ کی معافی سے سینکڑوں قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی اور وہ عیدالفطر اپنے گھروں میں اہل خانہ کے ساتھ مناسکیں گے ،عثمان بزدارنے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملوں کی مذمت کی ہے ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملے کئے ، رمضان المبارک کے دوران ایسے حملے انسانی اقدار اور حقوق کی خلاف ورزی ہیں،عثمان بزدارنے تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے ،بزدار نے کہاکہ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ،قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے یکجان ہے ،عثمان بزدارنے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں