افغانستان کے اثاثے بحال کئے جائیں ، پاکستان، ایران ایک پیج پر ہیں : شاہ محمود

افغانستان کے اثاثے بحال کئے جائیں ، پاکستان، ایران ایک پیج پر ہیں : شاہ محمود

افغان امن سے ہی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ، ایرانی ہم منصب سے ملاقات،پریس کانفرنس ، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی اصولی موقف کی مسلسل حمایت پر ایرانی قیادت سے اظہارتشکر،آج وزارتی اجلاس میں شرکت کرینگے

تہران، اسلام آباد (اے پی پی، وقائع نگار )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام کو معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کیلئے معاونت کرے ،افغان عوام کی معاونت کیلئے منجمد اثاثے فوری بحال کئے جائیں۔افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور ایران ایک پیج پر ہیں۔افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے ،امن سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ تہران میں ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان اور ایران کے نکتہ نظر میں مماثلت ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں افغانستان اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔دونوں ممالک علاقائی روابط کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہیں،ہم افغانستان میں امن و استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں ۔ افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے ۔افغانستان میں امن سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ا نہوں نے کہا کہ افغان عوام کی معاونت کیلئے منجمد اثاثے فوری بحال کئے جائیں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا تہران پہنچنے پر ایرا نی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے خیر مقدم کیا،افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی، ایمبیسڈر محمد صادق اور ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ،ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی وفد کو تہران آمد پر خوش آمدید کہا ،وزیر خارجہ نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے ، شاہ محمود قریشی نے ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل تائید اور حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شروع کئے گئے علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئے ایران کی میزبانی میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں