سینیٹ دہشتگردی بڑھ گئی : اپوزیشن ، ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری : وزیر داخلہ

سینیٹ دہشتگردی بڑھ گئی : اپوزیشن ، ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری : وزیر داخلہ

اسلام آباد (وقائع نگار،نامہ نگار، ایجنسیاں) سینیٹ میں اپوزیشن کی مخالفت پر 4بل پیش نہ ہوسکے ،ایوان میں 3آرڈیننس اورایک کمیٹی کی رپورٹ پیش کردی گئی ۔

 وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ایوان میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان استحکام کی طرف جا رہا ہے ، کئی طاقتیں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں، دہشت گردی کے واقعات کا جائزہ لے رہے ہیں ، اس سال کا پہلا واقعہ اسلام آباد میں ہوا، جہاں 2 دہشت گرد مارے گئے ،کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کر رہے ہیں اور اسلام آباد دہشت گردی و اقعہ کی تحقیقات بھی جاری ہیں ، 18 جنوری کو ہمارے پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے اور مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد مارے گئے جن کی ہلاکت کو کالعدم تنظیم نے قبول کیا ، انہوں نے کہا کہ افغان سرحد پر 2600 کلومیٹر پر باڑ لگانے کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ 20 کلو میٹر کی فینسنگ باقی ہے ، انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی ملک نے اس طرح سے دہشتگردوں کو شکست نہیں دی جیسے پاکستان نے دی ۔

وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو مل کر اسلام آباد آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اکیلے اسلام آباد نہ آئیں ،بلاول کو بھی ساتھ لائیں ، کیونکہ یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں اور لانگ مارچ کے لئے ہمیں کمربستہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، آپ سب مل کر آئیں گے تو پولیس اور انتظامیہ کی توانائی بھی ضائع نہیں ہوگی ، جے یو آئی (ف ) کے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ لاہور دہشتگردی وا قعہ کے بعد جب ہمارے لوگ ہسپتال خون دینے پہنچے تو ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ خون دینے اور خبر بنانے میں فرق ہوتا ہے تاہم اگر آپ لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی تو اس پر ایکشن ہوگا ، قبل ازیں سینیٹ ا جلاس کے دوران اپوزیشن نے مطالبہ کیاکہ معمول کا ایجنڈا معطل کرکے دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر بحث کرائی جائے ۔

نکتہ اعتراض پر میاں رضاربانی نے کہاکہ پہلے اسلام آباد میں دہشت گردی کا واقعہ ہو اپھر لاہور میں ہوا، انا ر کلی میں دو متضاد باتیں آرہی ہیں، بی ایل اے اس کی ذمہ داری قبول کررہی ہے ۔ وزیرداخلہ ٹی ٹی پی پر الزام عائد کررہے ہیں اگر دہشت گردی کے واقعات ہور ہے ہیں تو پھر تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں ، اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ،سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی محفوظ نہیں ،وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ پاکستان کے دشمن ملک کے اندر بھی ہیں اور باہر بھی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب پر ایوان بالا میں 4ماہ 7دن کے بعد بحث کا آغاز ہو ا تو اپوزیشن سینیٹر طاہر بزنجو نے صدر مملکت کے غیر آئینی اقدامات پر ان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کی تجویز دیدی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں