پس پردہ کوئی اور ہوتا ہے مگر نشانے پر سیاستدان ہوتے ہیں: فضل الرحمٰن

پس پردہ کوئی اور ہوتا ہے مگر نشانے پر سیاستدان ہوتے ہیں: فضل الرحمٰن

جوہرآباد، خوشاب(نمائندہ دُنیا، ڈسٹرکٹ رپورٹر، دنیا نیوز)جمعیت علمائے اسلام(ف)کے مرکزی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پس پردہ حکمرانی کوئی اور کرتا ہے مگر سیاستدان ہمیشہ عوام کے نشانے پر ہوتے ہیں۔

قوم کو بتانا ہوگا بہت ہو چکا، اب ووٹ کا فیصلہ نئے زاویے سے کرنا ہوگا، پارلیمنٹ کو ایسے لوگوں سے بھر دیا جاتا ہے جن کو قرآن و سنت سے دلچسپی نہیں ہوتی ، پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،ریاست کو امن اور خوشحال معیشت کی ضرورت اور یہی چیزیں ملک کو متحد اور منظم رکھ سکتی ہیں،پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ۔ وہ جوہرآباد میں جے یو آئی (ف)کے ورکرز کنونشن ،خوشاب میں جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک بننے والی حکومتیں عوام کے معاشی مسائل کے حل اور اُ نہیں احساسِ تحفظ کی فراہمی میں ناکام رہی ہیں ، ہماری نوجوان نسل کو اس حد تک کھائی میں پھینکا گیا کہ وہ ہر طرح کی اخلاقیات سے دور چلی گئی ۔جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ عالمی اداروں کا اس وقت پاکستان پر جتنا دباؤ ہے اس خطہ بلکہ پوری دنیا کے کسی ملک پر اتنا دباؤ نہیں،ہر چند مہینوں بعد آئی ایم ایف نیا معاہدہ کر رہا ہوتا ہے ،ہمیں امداد اور قرضے ان کی شرائط پر ملتے ہیں، ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھ بیچ دیاگیا،قیمتوں کا اتار چڑھاؤ اب آپ کے ہاتھ میں نہیں ان کے ہاتھ میں ہے ۔ فضل الرحمن نے کہا کہ ماضی کی حکومت کے آئی ایم ایف سے کئے گئے خفیہ معاہدوں کی وجہ سے اتحادی حکومت کو انتہائی مشکل فیصلے کرنا پڑے ، ماضی میں ہمیشہ سیاسی جماعتوں نے عوام کو خوش کن نعروں کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،قرآن و سنت کے مطابق معاشی نظام بنانے تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکے گا، امت مسلمہ کے سربراہان سے پوچھنا چاہتا ہوں فلسطین کے حق میں آپ کا مؤقف کہاں دفن ہوگیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں