آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس کتنی اور مہنگی ہوگی، عوام کا صبر کب تک آزمائیں گے: نواز شریف

آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس کتنی اور مہنگی ہوگی، عوام کا صبر کب تک آزمائیں گے: نواز شریف

لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا گیا۔

نوازشریف نے ہدایت کی چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اورمہنگی ہوگی،عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے ۔انہوں نے کہا کسانو ں کو سولر پینل دیں،حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے ۔کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے ۔آڑھتی اورملز والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے ،ڈریپ اری گیشن کا بھی جائزہ لیاجائے گاجس سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم آئے گی۔ کھاد مہنگی بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ لاگت میں کمی او رفصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔صوبائی وزرا مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلا ل یاسین، سیدعاشق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری،ایس ایم بی آر، سیکرٹری خوراک، زراعت، فنانس، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اور قائد نواز شریف کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں تین شہروں میں پائلٹ سوک ایڈمنسٹریشن سنٹرز بنانے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید غور کی ہدایت کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا۔نوازشریف نے کہا عارضی اقدامات کافی نہیں، پرائس کنٹرول کیلئے ٹھوس پالیسی لائی جائے ۔ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی درست کرنے سے پرائس خودبخود کنٹرول ہو جائیگی۔ انہوں نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ٹیم کو مبارکباددی۔مریم نواز نے کہا پرائس کنٹرول اور ویسٹ مینجمنٹ کیلئے تمام اضلاع میں نئے نظام کی ضرورت ہے ۔پرائس کنٹرول کیلئے ایک باقاعدہ محکمہ ہونا چاہئے جو 12 مہینے قیمتوں کو کنٹرول کرے گا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی پر سنٹرز کو جرمانے کرنے کا اختیار بھی ہو گا۔ان سنٹرز سے پولیس پر کام کا دباؤ کم ہوگا اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے گا۔پرائس کنٹرول، انوائرمنٹل قوانین کی خلاف ورزی، فورسٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ، لیبر قوانین، ڈینگی اور تجاوزات جیسے معاملات نئے ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کرنے کی تجویزبھی پیش کی گئی۔

علاوہ ازیں پنجاب کے تین شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ جبکہ لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کی زیرصدارت ٹرانسپورٹ سیکٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں 20 ہزار الیکٹرک اور پٹرول بائیکس پراجیکٹ اور پانچ شہروں میں 657 بس سروس پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔قائد ن لیگ نے ہدایت کی طلبہ کی ضروریات کا تعین کر کے بائیکس کی تعداد مزید بڑھائی جائے اورطلبہ کے لئے بائیکس کی ماہانہ قسط کم از کم رکھی جائے ۔ طلبہ کا مالی بوجھ بٹانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی عوام کے لئے بسوں کا کرایہ بھی کم سے کم مقرر کیا جائے ۔ بائیکس کی فراہمی کے لئے عید سے پہلے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا جائے ۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاپٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈلیوری شروع کر دی جائے گی۔ لاہور کیلئے 300، راولپنڈی78، ملتان100،فیصل آباد 110، بہاولپور کیلئے 42 ہائبرڈ ڈیزل بسیں لائی جائیں گی۔ 27 مکمل الیکٹرک بسیں لاہور میں چلائی جائیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں