چینی باشندوں پر خودکش حملہ:تمام ریاستی وسائل کیساتھ مشترکہ تحقیقات کی جائیں:شہباز شریف:آخری دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے:آرمی چیف

 چینی باشندوں پر خودکش حملہ:تمام ریاستی وسائل کیساتھ مشترکہ تحقیقات کی جائیں:شہباز شریف:آخری دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے:آرمی چیف

اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، چیف آف آرمی سٹاف، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور متعلقہ شعبوں کے انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکت کی ۔

 اجلاس میں شریک سیاسی اور عسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا اور تمام ریاستی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی اس واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں۔بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے حملے میں جاں بحق ہونے والے بے گناہ چینی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس وحشیانہ فعل کے مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا پوری قوم چینی باشندوں کی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے ۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں کی جانب سے حملے پر فوری ردعمل کو سراہا جس میں کئی قیمتی جانوں کو بچایا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے جسے پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے استعمال کیا ہے ، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والوں کے ان اقدامات کا مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان عدم اعتماد پیدا کرنا ہے ۔ اجلاس کے شرکا نے سرحد پاردہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی نکتہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملک کو درپیش دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان اور اسکے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے ،قوم دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے ۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافہ کے حوالے سے کہا پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور عوام کے حوصلے اور عزم کا غلط اندازہ لگایا ہے ۔

انہوں نے کہا ہم دہشت گردی کے خلاف اس وقت تک جنگ لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور یہاں کام کرنے والے غیر ملکی مہمانوں پر بری نظر رکھنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ ہر غیر ملکی شہری خاص طور پر چینی شہری جو پاکستان کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں پاکستان میں محفوظ رہیں، ہم پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردی کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے ۔ جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست کی عملداری اورعوام کے صبر کا غلط اندازہ لگایا ہے ۔اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بشام میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے ، وزیراعظم نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے ، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، اپنا اور اپنے دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں، کسی کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاک چین دوستی ان شااللہ قائم و دائم رہے گی۔وزیر اطلاعات نے کہا سی پیک ملک میں معاشی ترقی کا ضامن ہے ، سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا، اس سے ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے چین کے سفیر کو دہشت گردی کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی اور کہا حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ عطااللہ تارڑ نے بتایا وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور قوم کو پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی سالمیت اور مفاد پر وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں،سکیورٹی فورسز کے کردار کو بھی سراہا گیا جنہوں نے گوادر، تربت واقعات میں بہت تگ و دو کر کے قیمتی جانوں کو ضیاع سے بچایا۔ انہوں نے کہا اجلاس میں چینی باشندوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے جے آئی ٹی کے قیام پر بھی مشاورت ہوئی۔ اجلاس کے شرکاکے حوصلے بلند اور سب ایک پیج پر تھے ۔

عطااللہ تارڑ نے کہا ہم اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے اور بات چیت کے ذریعے معاملات کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی دو کیٹیگریز ہیں ایک سی پیک دوسرے دیگر منصوبوں پر کام کرتے ہیں، دونوں کو سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں عطااللہ تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی، عثمان بزدار اور محمود خان کو نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے سے کس نے روکا تھا؟ ،پی ٹی آئی کی حکومت نے اس پر توجہ کیوں نہیں دی۔ وزیر اطلاعات نے کہا ہم دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے ، اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے انہوں نے بھی تمام تر موقف کی تائید کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے اچھے جذبات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملکی مفادات کی ترویج کے لیے ہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے ۔اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی قرارداد پرفوری عمل درآمد ہو نا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خارجہ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں اور ہائی کمشنرز کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا رمضان المبارک نعمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے ، یہ تقریب ہماری ثقافتی اقدار اور بین المذاہب ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے ۔انہوں نے کہا ہم نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جو ماہ رمضان میں بھی ظلم وبربریت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا گورننس کے نظام میں اصلاحات اور ملک کا معاشی استحکام ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔وزیراعظم نے کہا پاکستان دیگر ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا اور کسی سے عداوت نہیں رکھنا چاہتا۔وزیراعظم نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں