ججز کا خط چارج شیٹ ،جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کی جائے:تحریک انصاف

ججز کا خط چارج شیٹ ،جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کی جائے:تحریک انصاف

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر سپریم کورٹ سے لارجر بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ججز کا خط ملک کے انتظامی امور پر چارج شیٹ ہے ،ہم عدلیہ میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں ۔

 سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ ججزکے خط پر جوڈیشل کمیشن بنا کر فوری انکوائر ی کی جائے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم 2سال سے عدلیہ میں مداخلت کا کہتے چلے آرہے تھے ، جج صاحبان کو بھی اللہ نے ہمت دی، اسلام آبادہائی کورٹ اور جوڈیشری میں مداخلت ہوئی ہے ، ہر ایک جج کو پریشر میں لایا گیا ، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آبادہائی کورٹ کے 6جج صاحبان پریشر سے متاثر ہوئے ہیں اورایک جج نے کہا نہیں پتہ میرے بچے کہاں ہیں اورایک جج نے کہا میرے بیٹے کا ولیمہ مؤخر کرایا گیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں ججز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ منصف خود انصاف کے طلبگار ہیں ۔بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی ہونی چاہیے ، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام فیصلے دباؤ میں دیئے گئے ۔ہم وکلا ، تمام بار کونسل اور ایسوسی ایشن سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر عدلیہ کی آزادی کیلئے اکٹھے ہوں۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ خط نے نظام کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا جس سے ثابت ہوا کہ ملک میں قانون کی بالادستی کا کوئی وجود نہیں ۔عمر ایوب نے واضح کیا کہ سسٹم کے خلاف ایسی چارج شیٹ کے بعد کوئی بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ اس معاملے کو قومی و صوبائی اسمبلیوں اورسینیٹ سمیت ہر فورم پر اٹھایا جائے گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں