جانوروں کی آلائشیں نہروں،نالوں میں پھینکنے پر پابندی:عید پر سکیورٹی یقینی بنائی جائے:مریم نواز

جانوروں کی آلائشیں نہروں،نالوں میں پھینکنے پر پابندی:عید پر سکیورٹی یقینی بنائی جائے:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر )عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشیں نہروں او رنالوں وغیرہ میں پھینکنے پردفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی جبکہ جانوروں کے سر ی پائے بھوننے کے غیر قانونی کارروبار پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں عید الاضحی کے انتظامات اور سکیورٹی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل لیول کنٹرول رومزکو مزید فعال کرنے کاحکم دیا۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ لاہور میں عملہ خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائے گا۔قربانی کے بعدشہر بھر کی سڑکو ں کو دھویا جائے گا،چونا ڈالا جائے گا اور سپرے ہوگا۔ ڈرین اورمین ہول وغیرہ کو آلائشیں ڈالنے سے محفوظ رکھا جائے ۔ پنجاب بھر میں 294 مقامات پر جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں 2600مساجد اور 900عید گاہوں پر سکیورٹی کے انتظامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیا اور عید گاہو ں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین اور پنکھے لگانے کی ہدایت کی۔ نگرانی کے لئے کیمرے او رچیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے ۔ مریم نوازنے کہا کہ پارکوں میں نصب جھولوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اور حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے ۔ جہاں اندیشہ ہو سکیورٹی بڑھائیں اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کوہر صورت یقینی بنائیں۔

کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے ۔ والد سے محبت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ والد کی خاموش قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے جو اکثر نظرانداز کر دی جاتی ہے ۔ بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیجئے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ آج اپنے بچوں کی پرورش اور رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے ۔اولاد کی تربیت اور بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ والد شجرسایہ دار ہے جوتپتی دھوپ میں بچوں کیلئے گھناسایہ بن جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے ، جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی کے نواحی گاؤں میں گٹر میں ڈوب کر چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کمشنر ملتان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلی ٰپنجاب نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور کمشنر راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں