کچھ لوگوں کی انا مفاہمتی عمل کے راستے میں رکاوٹ:ایازصادق

 کچھ لوگوں کی انا مفاہمتی عمل کے راستے میں رکاوٹ:ایازصادق

لاہور (نامہ نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی مفاہمت کے عمل کو ملکی استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیتے کہا ہے کہ سیاسی قوتیں سیاسی طرزعمل اختیار کرنے کو تیار ہیں مگر کچھ لوگوں کی انا اس راستے میں حائل ہے جب تک یہ تحریک اندر سے پیدا نہیں ہوگی مفاہمتی عمل نہ تو چل سکتا ہے اور نہ یقینی بن سکتا ہے ۔

 دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ایاز صادق نے کہا ایوان کے اندر تمام سیاسی قوتوں انکے پارلیمانی ذمہ داران سے رابطوں میں ہوں سب ملکی حالات کو صحیح ڈگر پر ڈالنے اور معاشی حالات کو بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں مگر سیاسی قیادتوں کو بڑا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن کا کردار اہم ہے وہ سب سے بات چیت بھی کرتے ہیں اور اختلافات کا اظہار بھی اور اسی بنا پر انکی ا اہمیت قائم ہے ۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں بجٹ معاملات پر تحفظات ہیں بات چیت کا عمل چل رہا ہے یہ معاملات اس ہفتے طے ہوجائینگے اور اس میں اسحق ڈار کاکردار اہم ہے ۔ایاز صادق نے پی ٹی آئی بارے سوال پر کہا وہ رابطہ میں رہتے ہیں اور ایوان کی سطح پر انکے تحفظات دور کرائے جاتے ہیں البتہ سیاسی محاذ پر تناؤ وہ اپنے سیاسی طرزعمل سے ختم کر سکتی ہے ،محمود اچکزئی کا اپنا مقام ہے مگر مذاکراتی عمل میں انکے کردار پر خود انہیں نامزد کرنے والوں کے اعتراضات ہیں ،سیاسی معاملات میں ڈیڈ لاک کن کی وجہ سے پیدا ہوا یہ ڈھکا چھپا نہیں ،قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا کسی شخص کی رکاوٹ سے سسٹم نہیں رک جاتا ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی محنت سے ملک معاشی حوالے سے خطرناک زون سے نکلا ہے اورچل پڑا ہے ان شا اﷲ ہم سب ملکر ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرینگے ۔ ایاز صادق نے کہا ایوان صدر کا اپنا کردار ہے اور صدر زرداری ہمیشہ معاملات افہام و تفہیم سے چلانے کے خواہاں رہتے ہیں،سیاسی لیڈر شپ وہی کامیاب ہوتی ہے جس کو اپنی زبان کا پاس ہو اور جسکی زبان کا پاس نہ ہو اس پر کوئی اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہوتا لہٰذا ہمیں تول کر بولنا چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں