اسمبلی میں ملکر اپوزیشن کرینگے ، فضل الرحمن،اسد قیصر میں اتفاق

اسمبلی میں ملکر اپوزیشن کرینگے ، فضل الرحمن،اسد قیصر میں اتفاق

اسلام آبا د(این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس دوران دونوں رہنمائوں نے سیاسی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کرلیا۔

اتوار کو دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔دونوں رہنماں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں امن قائم کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں۔دونوں جماعتوں کے درمیان قومی اسمبلی میں مل کر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق ہوا، انہوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف اور عوام دشمن قرار دے کر مسترد بھی کردیا۔اسد قیصر اور مولانا فضل الرحمن افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے پر بھی متفق ہوئے ، افغانستان کے ساتھ کراسنگ پوائنٹس پر اکنامک کوریڈور قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تجارتی سرگرمیوں سے خطے میں معاشی استحکام آئے گا، عوام کو روزگار میسر آئے گا۔ملاقات کے دوران سیاسی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان تحفظات کو دور کرے گی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے لیے نکات کا تعین کرے گی۔ادھر تحریکِ انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم کسی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے ، کوئی فیصلہ یا معاہدہ ہوا ہے تو اسے پارلیمنٹ میں لایا جائے ۔اتوار کوپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں، آپریشن سے متعلق کیا کر رہے ہیں، کیا پلاننگ ہے معلوم نہیں۔انہوں نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن پر پارلیمنٹ کے فلور پر اعتماد میں لیا جائے ، وزیرِ دفاع طرم خان بنے پھرتے ہیں، ان کی ڈیوٹی ہے بتائیں کیا کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کو بھی آپریشن سے متعلق تحفظات ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی بھی آپریشن ہو اس کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری ہے ۔بیرسٹر گوہر نے کہاکہ کوئی بھی کمیٹی کتنی ہی بڑی ہو آئین کے مطابق پارلیمان سپریم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں