بیروت:اسرائیل کاحزب اللہ پر بڑا فضائی حملہ،حسن نصر اللہ کو نشانہ بنا نیکا دعویٰ

بیروت:اسرائیل کاحزب اللہ  پر  بڑا فضائی حملہ،حسن نصر اللہ کو نشانہ بنا نیکا دعویٰ

غزہ ،بیروت ،نیو یارک(اے ایف پی،رائٹرز، اے پی)اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاؤن میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹر پر بڑا فضائی حملہ کیا ہے جس میں تنظیم کے سربراہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ،

اسرائیلی طیاروں نے البرج عمارت پر 10 میزائل داغے ،بمباری سے 6 عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں ،حملے میں2 افراد شہید،70زخمی ہو گئے ۔بڑے پیمانے پر شہادتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ،اسرائیلی وزیر اعظم کے یو این جی اے میں خطاب کے فوری بعد حملہ کیا گیا ۔ ترجمان اسرائیلی فوج ڈینئیل ہگاری نے حزب اللہ ہیڈ کوارٹر پر حملے کی تصدیق کی ہے ۔ادھر اسرائیلی چینل 12 نیوز نے حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حزب اللہ کے میڈیا آفس کا کہنا تھا اسرائیلی میڈیا کے بیان میں کوئی صداقت نہیں ،حسن نصراللہ محفوظ ہیں ۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں اسرائیل کے لمبے ہاتھ نہ پہنچ سکیں ۔ اسرائیل ایران کی ایٹمی ہتھیاروں تک رسائی کو ناکام بنانے کیلئے تمام اقدامات کرے گا۔انہوں نے ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہااگر تم ہمیں مارو گے تو ہم بھی تمہیں ماریں گے ۔ نیتن یاہو نے کہا اگر حماس ہتھیار ڈال دے تو غزہ جنگ فوراً ختم ہو سکتی ہے ۔نیتن یاہو نے اپنی تقریر کے آغاز میں کہا کہ ان کا اس سال جنرل اسمبلی آنے کا ارادہ نہیں تھا لیکن ایران کی جانب سے ان کے ملک کے خلا ف پھیلائے گئے جھوٹ کے بعد انھیں آنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور سعودی عرب تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک معاہدہ پر پہنچنے والے تھے لیکن پھر 7 اکتوبر کا واقعہ ہوگیا۔نیتن یاہو نے اپنے خطاب کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اسرائیل کے ساتھ دیگر اقوام کی طرح منصفانہ سلوک نہیں کیا جاتا، کوئی بھی اقوام متحدہ کو سنجیدگی سے نہیں لے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کو تاریک گھر قرار دیتے ہوئے کہا یہود دشمنی کی دلدل میں اکثریت یہودی ریاست کو غیر انسانی بنانے کے لیے تیار ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل یہ جنگ جیت کر رہے گا کیونکہ اُس کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔نیتن یاہو نے کہا کہ ایسے دشمن سے واسطہ پڑگیا ہے جو اسرائیل کے وجود کو مٹانا چاہتا ہے ۔دوسری جانب صیہونی فوج کے لبنان اور غزہ پر حملے جاری ہیں ۔

گزشتہ روز شام لبنان سرحد پر صیہونی بمباری میں 5شامی فوجی جاں بحق ،متعدد زخمی ہو گئے جبکہ لبنان کے مختلف علاقوں پر حملوں میں متعدد شہری بھی شہید اور زخمی ہوئے ، غزہ میں بھی اسرائیلی بمباری سے کم ازکم 35افراد مارے گئے ۔یمنی حوثیوں نے کہا کہ انہوں نے وسطی اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا ہے ۔حوثی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ تل ابیب کے علاقے میں ایک فوجی ہدف پر بیلسٹک میزائل داغا، اور غزہ کی پٹی کے شمال میں عسقلان کی طرف ایک ڈرون سے بھی حملہ کیا۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے شہر تبریاس پر متعدد راکٹ اور میزائل فائر کئے ہیں ۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا لبنان سے متعدد ڈرون اور پروجیکٹائل اسرائیل میں داخل ہوئے ، جنہیں گرا دیا گیا جبکہ حوثی میزائل اور ڈرون کو بھی تبا ہ کیا گیاہے ۔انہوں نے کہاحملوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کامیابی سے روکا گیا۔سینئر اسرائیلی سکیورٹی اہلکار کا کہناتھا لبنان میں اسرائیل کا زمینی آپریشن مختصرہوگا،اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اسرائیلی فورسز ہر روز تیاریاں کر رہی ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لبنان پر حملوں میں خوفناک شرح سے بچوں کی اموات ہو رہی ہیں ۔یونیسیف نے کہا کہ پیر اور منگل کو شہید ہونے والوں میں50 بچے شامل تھے ۔دس عالمی یونینز نے اسرائیل سے غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے تنخواہوں سے محروم 2لاکھ سے زائد فلسطینی کارکنوں کو اجرت دینے کی اپیل کی ہے ۔یاد رہے غزہ جنگ کے بعد اسرائیل نے فلسطینیوں کے اسرائیل میں داخلے کے پرمٹ منسوخ کر دئیے تھے اور انکی تنخواہیں بھی روک دی تھیں ۔ادھر اسرائیل ایشیائی ترقیاتی بینک کا نیا غیر علاقائی رکن بن گیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں