عمر ایوب سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی

عمر ایوب سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ،عمر ایوب نے مستعفی ہونے کا خط ایکس(سابق ٹویٹر)پرشیئرکر دیا،جبکہ انہوں نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام خط بھی تحریر کیا،عمر ایوب نے خط میں کہا کہ مئی 2023 سے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دینا باعث اعزاز رہا، بے حد مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات کا موقع دیا گیا۔عمر ایوب خان نے کہا کہ ‘میں عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی میرا استعفیٰ قبول کیا تاکہ میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اپنے کردار پر توجہ دے سکوں۔عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا میں نے 22 جون 2024 کو اپنا استعفیٰ ایک خط کی صورت میں بانی پی ٹی آئی اور چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو بھیج دیا تھا۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے گزشتہ روزجمعرات کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران میرا پیغام دیا،آئندہ دنوں میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے میں مزید تبدیلیاں کی جائیں گی،میں پی ٹی آئی فیملی کے تمام ارکان، ارکان پارلیمان اور پاٹی عہدے داروں، جنہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے بہادری سے انتھک محنت کی، شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آئے تھے اور 21 ارکان قومی اسمبلی نے الگ گروپ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھاکہ شہریار آفریدی کے استعفے سے متعلق بیان کے بعد27 سے زائد ممبران نے استعفوں پر مشاورت کی جبکہ شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت سمیت متعدد ممبران نے پارٹی قیادت کی نااہلی پراحتجاج بھی کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں