مداخلت نامنظور‘امریکی قراردادکے خلا ف قرارداد لائیں گے: ڈار

مداخلت نامنظور‘امریکی قراردادکے خلا ف قرارداد لائیں گے: ڈار

اسلام آباد (نامہ نگار ،دنیا نیوز)وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں ۔

عام انتخابات سے متعلق امریکی قرارداد کے جواب میں قرارداد لائینگے ، مسودہ تیار ہے ،جلد شیئر کریں گے ،قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی قرارداد پاکستان نے مسترد کردی ۔دفتر خارجہ نے اس پر فوری ردعمل دیا ہے ،  امریکی کانگریس کی یہ قرارداد بلا جواز ہے ۔پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظور قرارداد کو نوٹ کیا تاہم قرارداد کی منظوری کا وقت اور حالات دوطرفہ تعلقات مثبت محرکات سے مطابقت نہیں رکھتے ۔قرارداد پاکستان میں سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل سے مکمل نا واقفیت کا نتیجہ ہے ۔ پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچواں بڑا جمہوری ملک ہے ، پاکستان قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے ۔

ہم نے غزہ کے معاملہ پر اسرائیل کا نام لے کر مذمت کی ۔ہمارے بارے میں کہا جاتا تھا کہ پاکستان تنہائی کا شکار ہوگیا ، کونسی تنہائی ،کون سا فورم ہے جہاں پاکستان آواز نہیں اٹھا رہا،غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی جتنی مذمت ہم نے کی کسی اور ملک نے نہیں کی، ہم کشمیر، غزہ اوردیگر ایشوز پر عالمی فورمز پر بھرپورنمائندگی کریں گے ، غزہ،اسلاموفوبیا اور کشمیر جیسے مسائل پر بھرپور مؤقف پیش کررہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار نہیں، پاکستان 182 ووٹ حاصل کرکے سلامتی کونسل کاغیرمستقل رکن منتخب ہوا، ہم نے ماضی میں دوسرے ملکوں سے تعلقات خود خراب کئے ۔ ارکان کی طرف سے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے ایک الگ سیشن ہو ۔ حکومت کی پالیسی من و عن پیش کروں گا ۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دینے کیلئے تیار ہیں ۔دوحہ میں چند ہفتوں میں سمٹ ہونے جارہا ہے ، اس سمٹ میں شرکت کرینگے ،افغانستان ہمارے ایجنڈے کی پہلی ترجیح ہے ، اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق دور حکومت میں سی پیک پر کام کو روک دیا گیا تھا لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک پرکام کو دوبارہ شروع کرایا ۔

پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکی پابندیاں ایک بڑی رکاوٹ ، وزارت پٹرولیم اس معاملے پر بھی ایوان کو بریفنگ دینے کیلئے تیار ہے ،گیس پائپ لائن پر کئی بار کام کرنے کی کوشش کی، اس منصوبے پر امریکی پابندیاں بڑامسئلہ ہے ، وزارت پٹرولیم کو اجازت دیں یا کمیٹی آف دی ہاؤس بنالیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 10 ٹریلین ڈالر کے وسائل موجود ہیں ۔ماضی میں بھی پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جاتی تھیں مگر ہم نے اپنی حکومت میں ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کیلئے 10، 12 سال کی بجائے صرف ساڑھے تین سالوں میں ملک کی معیشت کو مستحکم کیا ۔ پاکستان اب بھی اس صورتحال سے باہر نکلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ، ہمارا ویژن اور سمت واضح ہے ۔ ابھی کچھ وقت لگے گا ہم اس صورتحال سے باہر نکل آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے آئین میں ترمیم کی جائے ہم سپورٹ کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں