معیشت درست سمت گامزن، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے: شہباز شریف

معیشت درست سمت گامزن، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے: شہباز شریف

اسلام آباد، لاہور(نامہ نگار، سیاسی رپورٹر سے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار ملک کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں شہزاد سلیم، زید بشیر، مصدق ذوالقرنین اور شہریار چشتی شریک تھے ۔ ملاقات میں وفد نے وزیرِ اعظم کو ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وفد نے بجٹ کی کاروباری برادری میں پزیرائی کے بارے آگاہ کیا اور امید کا اظہار کیا کہ اس کے ملک میں کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے۔ بجٹ اقدامات کے نفاذ کیلئے حکومتی ٹیم سرگرم ہے۔

ملکی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے، برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بجٹ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ برآمد کنندگان کو انکے کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف سے معروف کاروباری شخصیت و اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن جہانگیر خان ترین نے ملاقات کی۔ جہانگیر ترین نے وزیرِ اعظم کو مشکل معاشی حالات کے باوجود کاروبار و سرمایہ کار دوست اور عوامی بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف نے تختہ بیگ، ضلع خیبر میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے پر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار اعجاز اور ایف سی اہلکار شہزاد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہاافواجِ پاکستان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پاکستان کے امن کیلئے لازوال قربانیاں ہیں۔

پاکستانی قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے ۔ پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان اور قازقستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 3 تا 4 جولائی 2024 کو شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کے لیے آستانہ کے اپنے آئندہ دورے کے دوران صدر توکایف سے ملاقات کے منتظر ہیں۔وزیرِ اعظم نے علاقائی روابط و علاقائی سلامتی میں تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں