شعبہ صحت میں انقلاب لانے کا تہیہ، فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بڑھائیں گے: مریم نواز

شعبہ صحت میں انقلاب لانے کا تہیہ، فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بڑھائیں گے: مریم نواز

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شعبہ صحت میں انقلاب لانے کا تہیہ کرلیا ہے، فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار اضلاع تک بڑھائیں گے، مزید 500 کلینک آن وہیلز کا اضافہ کررہے ہیں، فیلڈ ہسپتالوں سے 12 لاکھ افراد مستفید ہوچکے۔

ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر پبلک فرینڈلی بنانا ضروری ہے، موجودہ سسٹم کی بحالی اور ری سٹرکچرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز صوبائی مشیر صحت میجر جنرل (ریٹائرڈ) اظہر محمود کیانی نے ملاقات کی اورصحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بننے سے دیہات کے مکینوں کو شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا،دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کیلئے مراعات دے رہے ہیں، ہسپتالوں میں فری ادویات دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں،دل کے امراض، ٹی بی، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں، انتہائی خوشی ہوئی جب ایک خاتون نے مجھے گھر ڈلیور ہونے والی دل کی ادویات دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ میرے دل کے بہت قریب ہے ، تمام مراکز صحت، ٹی ایچ کیوز اور ٹریژری ہسپتالوں کی اپ گریڈ یشن پر کام شروع کر دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں جدید ریسرچ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔مشیر صحت اظہر کیانی نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کیلئے سفارشات پیش کیں،ملاقات میں ہیلتھ پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دریں اثنا اسلام آباد سے لاہور واپسی پر مریم نوازشریف نے گھرجانے کی بجائے شہر میں بارش کے کھڑے پانی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا جس پر انتظامی افسروں کی دوڑیں لگ گئیں ،انہوں نے ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسر فیلڈ میں رہیں،ان کا کہنا تھا پورے پنجاب میں بارش کے پانی کی نکاسی کو بروقت یقینی بنایا جائے، عید پر صفائی مہم کی طرح نکاسی آب کے لئے سیف سٹی ٹیکنالوجی استعمال کریں، کیمروں اور ڈرون کے ذریعے بارش کے کھڑے پانی کوچیک کریں۔ وزیراعلیٰ ایئرپورٹ سے اندرون شہر ،شادمان، لبرٹی ،گارڈن ٹاؤن ،فیروز پور روڈ، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی اور قذافی سٹیڈیم گئیں۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے ہر آدھے گھنٹے بعد صورتحال کی مانیٹرنگ رپورٹ طلب کرلی۔ایک شہری نے ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہارکیاتو سکیورٹی گارڈزنے اسے روک لیا تاہم مریم نواز نے دیکھتے ہی شہری کو اپنے پاس بلا کر اس کی بات سنی اور مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں