یوم عاشور:امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:مریم نواز

یوم عاشور:امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:مریم نواز

لاہور (اے پی پی،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کابینہ اور کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کو یوم عاشورہ پر سکیورٹی انتظامات کی فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزرا امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ڈویژنز اور اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔

منگل کے روز ایوان وزیر اعلیٰ سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز نے محرم کے سکیورٹی انتظامات کو ہر طرح سے فول پروف بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عزاداروں کے لئے سبیل اور لنگر کیلئے بھر پور معاونت کی جائے ،سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان اور ایس او پیز پر بھی ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی اشتراک کار یقینی بنائیں جبکہ مجالس اور جلوسوں کے شرکا کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جس کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی ہر شہر میں پر امن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک اور مستعد رہیں۔مریم نواز نے کہا امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر تعینات نفری کی مانیٹرنگ بھی ناگزیر ہے ،شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی سعید اکبر خان نوانی نے منگل کے روز ملاقات کی جس میں عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا فیلڈ ہسپتال او رکلینک آن ویلز کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں اور 500مزید فیلڈ ہسپتال دیں گے ۔انہوں نے کہا ہیلتھ ریفارمز اور سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہورہاہے ،200بنیادی مراکز صحت میں آئندہ سال تک 24گھنٹے سروسزمہیا ہونگی،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں تھیلیسیمیا سنٹر قائم ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں