ایشیا کپ ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ : جیت کا عزم لئے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا سری لنکا میں ڈیرہ

ایشیا  کپ  ویمنز  ٹی  20  ٹورنامنٹ  :  جیت  کا  عزم  لئے  قومی  ویمنز  کرکٹ  ٹیم  کا  سری  لنکا  میں  ڈیرہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی 15 رکنی قومی ویمنز ٹیم جیت کا عز م لئے ٹی 20 ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے سری لنکا پہنچ گئی،8 ٹیموں کا ایونٹ 19 سے 28 جولائی تک دمبولا میں کھیلا جائے گا۔۔

ندا ڈار کی قیادت میں قومی ٹیم کراچی سے دبئی کے راستے کولمبو اوروہاں سے دمبولا پہنچی، گروپ اے میں قومی ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جولائی کوروایتی حریف اور دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف کھیلے گی،21 جولائی کو دوسرا میچ نیپال اور23جولائی کو تیسرا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔ کھلاڑیوں میں کپتان ندا ڈار، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرح سندھو، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ وہاب اور طوبہ حسن شامل ہیں، ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ،گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، ملائشیا، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا شامل ہیں ۔فاسٹ باؤلر فاطمہ ثنا کا روانگی سے قبل کہناتھاکہ باؤلنگ کوچ جنید خان نے باؤلنگ بہتر کرنے میں کافی مدد کی اور ایشیا کپ کیلئے اچھی تیاری کی ہے ، جیت کر آئیں گے ۔ فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ جنیدخان نے ماڈرن ڈے کرکٹ کے حساب سے مائنڈ سیٹ اور ورائٹی کا بتایا، ایشیا کپ میں دیکھیں گے تو پتہ چل جائے گا کہ کیا تیاری کی ہے ۔ پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہی ہوں اس کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی، اگر ٹیم نہیں جیتے تو ذاتی اہداف بے معنی ہوجاتے ہیں، کوشش ہوگی کہ کامیابی کے ساتھ ایونٹ مکمل کریں۔ ان کا کہناتھاکہ بھارت کے خلاف میچ کو عام میچ کی طرح لیں گے ، انڈیا کے خلاف جیت کر شروع ہی سے وننگ مومینٹم حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ،بطور کھلاڑی خواہش ہے کہ ہر شعبہ میں کردار ادا کروں، آل راؤنڈر بننے کی کوشش کررہی ہوں۔ فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ حالیہ میچز میں شکست کا پوری ٹیم نے مل کر تجزیہ کیا ، ہمیں میچ کے اہم آخری لمحات میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ، ہم کچھ میچز میں آخری لمحات میں افراتفری کا شکار ہونے کی وجہ سے ہارے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں