قیمتوں میں مصنوعی اضافہ قابل برداشت نہیں:مریم نواز:دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم کی ہدایت

قیمتوں میں مصنوعی اضافہ قابل برداشت نہیں:مریم نواز:دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم کی ہدایت

لاہور(دنیا نیوز،اے پی پی )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف مہنگائی کے خاتمے کے لئے سرگرم،ایک ہی ہفتے میں دوسری بار اجلاس بلا لیا جس میں چکن دودھ کے نرخ میں مصنوعی اضافہ روکنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم دیا ۔ اجلاس میں چکن،دودھ کی سپلائی چین میکنزم اور نرخ کے تعین سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اورتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے نرخ کی مانیٹرنگ اور استحکام کے لئے مزید موثر نظام بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا سپلائی چین کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سپلائی چین کو بہتر بنا کر قیمتوں میں استحکام لایا جائے ۔قیمتوں میں مصنوعی اضافہ قابل برداشت نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں روڈز بحالی پروگرام کے تحت 471 سڑکوں کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے روڈز کے تمام پراجیکٹس پر 15 ستمبر تک تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم دیا ۔ اجلاس میں روڈز بحالی پروگرام 30 جون تک مکمل کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ دیہات میں سڑکوں کی بحالی کے 75 پراجیکٹس کا جائزہ لیاگیااور 192 ارب کی لاگت سے دیہی روڈز پر 15ستمبر تک کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں کرتار پور کوریڈور کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ جی ٹی روڈ تا قائد اعظم انٹر چینج رنگ روڈ کی تعمیر و توسیع ہوگی۔ ملتان تا وہاڑی93 کلومیٹر روڈ کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کماہاں انٹر چینج 24 کلومیٹر روڈ کی تعمیر و مرمت بھی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا 5سال کا کام ایک ہی سال میں کرکے لیڈ لیں گے ۔ عوام کی سہولت کے لئے روڈز پروگرام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پولیس ٹیم کو مبارکباد دی۔انہوں نے آپریشن کے دوران ہارٹ اٹیک سے شہید ہونے والے انسپکٹرمحمد رمضان کے لئے حرف عقیدت پیش کیا اورسوگوار خاندان سے اظہار ہمددری اورتعزیت کیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے زخمی کانسٹیبل کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے اداکار سردار کمال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا اداکاری کے شعبہ میں سردار کمال کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں