انٹر نیٹ کی تیز تر ، بلا تعطل فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ، وزیراعظم

 انٹر نیٹ کی تیز تر ، بلا تعطل فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ، وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا حکومت ملک میں انٹر نیٹ کی تیز تر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور خود کار نظام کے لئے سنگ میل ہوگی۔

وہ بدھ کو یہاں ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے 3 رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہاانفارمیشن ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے ،حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی ترویج پر کام کر رہی ہے ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،ایسے علاقے جہاں سکیورٹی کے چیلنجز ہیں وہاں ہر بچے کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار انسداد پولیو قومی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا 2024 میں اب تک ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 9 ہو چکی ہے ، علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ مادر ملت فاطمہ جناح آزادی کی جدوجہد میں قائد اعظم کے شانہ بشانہ رہیں ،جمہوریت کے فروغ کے لیے فاطمہ جنا ح کا عزم پختہ اور متاثر کن تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں