ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ضروری :نواز شریف:اسٹیبلشمنٹ کیساتھ کھڑے ہیں:شہباز شریف

ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ضروری :نواز شریف:اسٹیبلشمنٹ کیساتھ کھڑے ہیں:شہباز شریف

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے متعلق بیانات دیتے ہوئے انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دے دیا۔

 پارٹی کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انکا کہناتھاکہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ضروری ہے تاہم پارٹی رہنما جذباتی بیانات دینے سے گریز کریں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کیساتھ کھڑے ہیں اور مل کر فیصلے کر رہے ہیں ۔مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس گزشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہو ر میں ہوا ، جس میں موجودہ سیاسی، معاشی صورتحال اور پارٹی معاملات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اجلاس میں ن لیگ نے حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ کا بھر پور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ۔نوازشریف نے کہاکہ جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا یا ایسے افراد کو سپورٹ کیا انکا احتساب ہونا ضروری ہے ،پارٹی رہنما بیانات دیتے وقت احتیاط برتیں ،فیض حمید کا معاملہ فوج کا اندرونی معاملہ ہے اور اسے وہ ہی دیکھیں۔ قمر باجوہ اور فیض حمید کا معاملہ اللہ پر چھوڑا تھا اور آج سب کچھ عوام دیکھ رہے ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کیلئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں، ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے ، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کاثبوت ہے ، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے ،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے ،ہمیں کارکردگی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل پرفوکس رکھنا ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ ہم درست سمت کی طرف چل پڑے ، اس وقت اسٹیبلیشمنٹ کیساتھ کھڑے ہیں، ان کے تمام فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، مل کر فیصلے کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا ، قومی معاشی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پارٹی صدر نواز شریف کو بریف کریں گے ۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے ، 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے ریلیف دیا ہے ، ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی کرکے 86 فی صد عوام کو ریلیف دیاگیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور دیگر پارٹی رہنما اور عہدیدار بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ججز کی مدت ملازمت بڑھانے کے حوالے سے مجوزہ آئینی ترمیم پر آئینی و قانونی ٹیم کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں امن و امان کے قیام کے لئے اسلام آباد اور پنجاب میں جلسے جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی لگانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں