خواجہ آصف برائے نام وزیر دفاع ، کوئی نہیں پوچھتا:عمرایوب

خواجہ آصف برائے نام وزیر دفاع ، کوئی نہیں پوچھتا:عمرایوب

راولپنڈی ، بونیر ( نیوز ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہماری بانی پی ٹی آئی سے قانون کے مطابق ملاقات ہونی تھی جو جیل انتظامیہ نے نہیں ہونے دی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ آپ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی گفتگو نہیں کر سکتے ، خواجہ آصف کو کسی بات کا پتہ نہیں ہے انھیں جی ایچ کیو کے پاس نہیں جانے دیا جاتا،خواجہ آصف برائے نام وزیر دفاع ہیں ان کو کوئی بھی نہیں پوچھتا۔اڈیالہ جیل کے باہر شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ فیض حمید کا کورٹ مارشل ہوا، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔ڈی جی آئی ایس آئی اپنا چپڑاسی بھی نہیں رکھ سکتا، وہ آرمی چیف کے مرہون منت ہوتا ہے ۔آئی ایس آئی وزیراعظم کے ماتحت ، لیکن وہ رپورٹ آرمی چیف کو کرتی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملے پر جس افسروں نے نقدی اٹھائی ان کا بھی کورٹ مارشل کیا جائے ۔بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا فیض حمید کے معاملہ پرسیاست نہیں کرنی چاہیے ، یہ فوج کا اندرونی معاملہ ہے ،بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہرمحاذ پرجدوجہد جاری رکھیں گے ، 22اگست کو اسلام آباد میں جلسہ ہوگا، لاہور اور کراچی میں بھی جلسے کیے جائیں گے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا پاک فوج مضبوط ادارہ ہے ، فیض حمید معاملہ پر مبالغے سے کام نہیں لینا چاہیے ، ان کا کہنا تھا مخصوص نشستیں ہماری ہی ہوں گی، مخصوص نشستیں کسی بھی صورت کسی اور پارٹی کو نہیں دی جاسکتیں۔ انہوں نے کہا سوات اوربونیر میں جنگلات کی کٹائی سوشل میڈیا پر محض پراپیگنڈا ہے ، ہمارا ایجنڈا معیاری تعلیم اور ایک سلیبس ہے ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہرمحاذ پر جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں