عوام کیلئے2ماہ بعد سولر پروگرام،ہمیشہ کیلئے زیادہ بجلی بلوں سے نجات:مریم نواز

عوام کیلئے2ماہ بعد سولر پروگرام،ہمیشہ کیلئے زیادہ بجلی بلوں سے نجات:مریم نواز

لاہور،ڈیرہ غازیخان(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں، ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی جانب سے پنجاب بھر کے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو کروڑوں کے نقد انعامات، سکالر شپ،گارڈ آف آنر، میرٹ کو سلیوٹ اوراسناد تقسیم کی گئیں۔وزیر اعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز کی لیڈرز فارٹو ماروایوارڈز 2024کی تقریب میں شرکت کی۔

 پنجاب کے 9 بورڈز کے 138 پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور انکے اساتذہ کو 5کروڑ 86 لاکھ کے کیش انعامات دئیے گئے اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز کو سی ایم سکالرشپ پروگرام دینے کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی آرٹی فیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی قائم کرنے کے لئے جلد از جلد اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا پوزیشن ہولڈرز بچے جہاں مرضی پڑھیں ، فیس میری ذمہ داری ہے ،2 ماہ کے ریلیف کے بعد بہت بڑا سولر پروگرا م لا رہے ہیں جو ہمیشہ کے لئے بھاری بلوں سے نجات دے گا۔ پوزیشن ہولڈرز کو پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جس پرمریم نوازخوشی سے آبدیدہ ہوگئیں۔ پنجاب پولیس کے بینڈ نے پوزیشن ہولڈرز کو سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات کی اور کامیابی پر شاباش دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا 5سال میں پنجاب کے ایجوکیشن سیکٹر کی شکل بدل جائے گی۔ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں دانش سکول میانوالی کے بچے نے لاہور بورڈ میں ٹاپ کیا ہے ۔ دانش سکول شہبازشریف کا لگایا ہوا پودا ہے ۔

انہوں نے کہا بچے سکولو ں میں بھوکے آتے ہیں، سکول میل پروگرام 5ستمبر سے شروع ہوگا، نرسری سے پانچویں کلاس کے بچوں کو غذائی کمی پوری کرنے کے لئے دودھ کے پیکٹ مہیا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا 25ارب روپے سے سکالر شپ سکیم شروع کررہے ہیں، سکالر شپ سکیم سے ذہین بچے لمز، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ، آئی بی اے ، کامسیٹ، فاسٹ اوردیگر نامور یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کریں گے ،فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ سکالر شپ پروگرام ایف ایس سی کے بعد شروع ہوگا۔ جتنے بھی ٹاپرز اور پوزیشن ہولڈرز یہاں بیٹھے ہیں سکالرشپ پروگرام میں شامل کئے جائیں گے ۔ بچے جہاں پڑھنا چاہتے ہیں پڑھیں، آپ کی فیس ہمارے ذمہ ہے ۔ ہم نے اپنے بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم اور ڈنڈے نہیں تھمانے بلکہ اعلیٰ ڈگریاں، سکلز اور لیپ ٹاپ تھمانے ہیں۔ انہوں نے کہا ای بائیکس کی تعداد بڑھا رہے ہیں تاکہ ہر طالبعلم کے پاس اپنی سوار ی موجود ہو۔ انہوں نے کہا 61 تحصیلوں میں سکولوں کو بس سروس فراہم کی جارہی ہے ، کوشش ہے ہرسکول میں فری ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے ۔ مریم نواز نے کہا 2 ماہ کے لئے بجلی کے بلوں سے ستائے عوام کو 45ارب روپے کا ریلیف دیاہے ۔

خوشی ہے کم ازکم 2ماہ تو عوام سکون اورخوشی سے رہیں گے ۔ 2 ماہ کے ریلیف کے بعد بہت بڑا سولر پروگرا م لا رہے ہیں جو ہمیشہ کے لئے بھاری بلوں سے نجات دے گا۔ کسی نے بجلی میں دئیے گئے ریلیف کو بے و قوفی کہاہے ، مجھے ہنسی آئی کہ کرپشن ، گاڑیوں ، جہازوں ، پروٹوکول پر پیسے لگانا بے و قوفی نہیں لیکن عوام کو ریلیف دینا ان کی نظر میں بے و قوفی ہے ۔ ان حالات میں عوام کو 2ماہ کا ریلیف بھی ملے ، تو بھی میں خوش ہوں کیونکہ ہم تو ریلیف دینے آئے ہیں۔انہوں نے کہا جب کوئی کام کرتا ہو اسے میڈیا پر آکر بتانے کی ضرورت نہیں پڑتی، وہ سب کو نظرآرہا ہوتاہے ۔ وفاقی حکومت نے پاکستان بھر میں 200تک یونٹ کے صارفین کو ریلیف دیاہے ۔ میں پاکستانی پہلے ہوں اور پنجابی بعد میں، ہمیں پنجاب کے لئے ریلیف تحفے میں نہیں ملابلکہ بجٹ سے اخراجات کم کر کے ریلیف دیا ہے ۔ پنجاب کے عوام کو ریلیف ملنے پر چیخ و پکار شروع ہوگئی ہے ، گورننس کے حالات یہ ہیں کہ عوامی ریلیف سے بھی لوگوں کو تکلیف ہے ۔ تمام صوبے اپنے شہریوں کو ریلیف دے سکتے ہیں، تنقید کی بجائے آگے بڑھیں اور عوام کو ریلیف دیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو بیوقوفی کہنا سب سے بڑی بیوقوفی ہے ۔

انہوں نے کہا پوزیشن ہولڈرز بچوں کو کہتی ہوں جو بھی آپ کو آپس میں لڑائے ، ہاتھ میں ہتھیار تھمائے ، ملک پر حملہ کرائے وہ کبھی آپ کا دوست نہیں ہوسکتا۔ بچوں کو سیاسی ایندھن بنایا گیا، 9مئی کو حملہ کرنے والے جیلوں میں پڑے ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں،ان کے والدین سے پوچھیں کیا بیت رہی ہے ۔جو سیاسی جماعت فتنہ پھیلائے میں اسے سیاسی جماعت نہیں سمجھتی، سیاست کامطلب خدمت ہے ، فتنہ پھیلانے والی جماعتیں سیاست کی حقدار نہیں۔دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف آپریشن کی نگرانی کے لئے راجن پور کاد ورہ کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے آخری ضلع کے دور دراز علاقے حاجی پور میں عوام کا دکھ بانٹنے پہنچ گئیں۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلی ٰ نے تحصیل فاضل پور میں حاجی پور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور لوگوں کے درمیان جاکر بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے خواتین کو دلاسہ دیا اور بچوں کو تحائف پیش کئے ۔ مریم نوازشریف نے رود کوہی اور سیلاب سے بچاؤکے لئے موثر پلان طلب کرلیا۔انہوں نے کہا سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے ، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی ۔ اگلے سال راجن پور کی آبادیوں میں سیلاب نہیں ہونا چاہئے ۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر کو فصلوں اور گھروں کے نقصانات کی تخمینہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں