آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر اعتراض نہیں:وزیر خزانہ:تاجر ٹیکس سکیم واپس لینے سے انکار

آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر اعتراض نہیں:وزیر خزانہ:تاجر ٹیکس سکیم واپس لینے سے انکار

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تاجروں کیلئے دی گئی ٹیکس سکیم واپس نہیں ہو گی، ملک خیرات سے نہیں چلتا ، معیشت کی بہتری کے لیے ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہوگا،یہاں 43 فیصد شعبے ایک فیصد سے بھی کم ٹیکس دیتے ہیں۔

 تنخواہ دار طبقہ جی ڈی پی میں اپنا حصے سے زیادہ ادا کر رہا ہے ، یہ ملک کب تک ایسے چلتا رہے گا؟،آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر اعتراض نہیں ، بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحق طبقے کو سبسڈی دی جاسکتی ہے ، رواں ہفتے وزرائے اعلٰی سے بات چیت ہوگی اور ملک بھر میں یکساں پالیسی نافذ ہوگی ۔اس وقت ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے دو ٹوک وقف میں کہا کہ تاجروں پرعائد ٹیکس واپس لینے کامطلب ہے کہ ٹیکس تنخواہ دار،مینوفیکچرنگ سیکٹرسے بھی واپس لیا جائے ، سوسائٹی کے ہر شعبے کو ٹیکس اداکرنا ہوگا،اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ 6 ماہ سے جو اقدامات کیے گئے ان کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں ۔زرمبادلہ ذخائر 2 ماہ کی درآمدات سے زیادہ ہیں جو 9 ارب ڈالر ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کنٹرول میں ہے ، روپپہ بہتر ہوا ہے ، ڈیونڈ، ایل سیز کا بیک لاگ کلیئر ہو چکا ہے ۔ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 9 اعشاریہ 6 فیصد تک آ چکی ہے ، مہنگائی کیساتھ پالیسی ریٹ میں کمی ہوئی ہے جس سے معیشت اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے ۔ پالیسی ریٹ مہنگائی میں کمی کیساتھ مزید کم ہو گا ، وفاقی وزارتوں کا سائز کم کیا جا رہا ہے خودمختار اداروں اور متعلقہ اداروں کو بند کیا جائے گا یا ختم کیا جائے گا ،5 سے 6 وزارتوں کو مزید ختم کرنے کا پلان بنایا ہے ، رواں ماہ آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری ہو گی، یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہے ، معیشت صحیح سمت میں آچکی ہے ۔محمد اورنگزیب نے کہا ہول سیلرز، ریٹیلرز ، ڈسٹری بیوٹرز سے گزارش ہے کہ وہ قدم آگے بڑھائیں، ہم سے جو ہو سکا وہ سہولت دیں گے ۔ انہوں نے کہا صوبوں کی مشاورت سے آگے چلیں گے ، تنقید کرنے والے بتائیں انہوں نے ملک کی معیشت میں کتنا حصہ ڈالا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں