سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح ،بچوں کیلئے ماں کی طرح سوچتی ہوں:مریم نواز

سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح ،بچوں کیلئے ماں کی طرح سوچتی ہوں:مریم نواز

لاہور،ڈیرہ غازی خان(ایجوکیشن رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں ملک کے پہلے اورسب سے بڑے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کردیا ،انہوں نے عوام سے رابطے بہتر بنانے کیلئے افسروں کو کھلی کچہری لگانے کا حکم دے دیا۔

سرکاری سکولوں میں انگلش سپوکن کلاس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کرلیاگیا،وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں قرعہ اندازی کرکے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا باقاعدہ آغازکر دیا۔ مریم نوازشریف نے گزشتہ روز دورہ ڈیرہ غازی خان کے دوران گورنمنٹ پرائمری سکول ایم سی ون میں پنجاب میں ملک کے پہلے اورسب سے بڑے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کیا ،انہوں نے ہر کلاس میں جا کر بچوں کو دودھ کے پیک خودکھول کردئیے اور اپنی نگرانی میں ختم کرائے ،وہ طلبہ کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں،جس پر طلبہ نے مسرت کااظہار کیا،انہوں نے بچوں سے گفتگو کی اور مسائل کے بارے میں پوچھا ،ایک اداس بیٹھے طالب علم نے والد کی بے روزگار ی کے بارے میں بتایا ،جس پر وزیر اعلیٰ نے اس کے والد کو روزگار کی فراہمی کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں سوچتی ہوں کہ میری قوم کا مستقبل خوب پڑھے اور اچھی صحت ہو، طاقتور ہوں،میری قوم کے بچوں کی اچھی گرومنگ ہو او راچھی طرح تعلیم حاصل کریں،میں تمام بچوں کے لئے ایسے ہی سوچتی ہوں جیسے ایک ماں اپنے بچوں کے لئے سوچتی ہے ۔ بعدازاں مریم نواز نے کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ساڑھے چار گھنٹے طویل اجلاس کی صدارت کی ،اس دوران انہوں نے عوامی رابطے بہتر بنانے کیلئے افسروں کو کھلی کچہریاں لگانے کا حکم دیا۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ غازیخان میں قرعہ اندازی کرکے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا باقاعدہ آغازکر دیا، ڈیرہ غازی خان میں 185 درخواست گزار کامیاب قرارپائے جبکہ ڈی جی خان میں پہلا نام عبداللطیف نامی شہری کا نکلا،دوسرا نام محمد اعظم، تیسرا مدیحہ قادر اور چوتھے خوش نصیب عبد الستار تھے ۔ قرعہ اندازی میں کامیاب افراد کو 15 ستمبر تک قرض کی پہلی قسط مل جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں