افواج جاگتی ہیں تو ہم سکون سے سوتے ہیں،قربانیوں کا احترام سب کی ذمہ داری:مریم نواز

افواج جاگتی ہیں تو ہم سکون سے سوتے ہیں،قربانیوں کا احترام سب کی ذمہ داری:مریم نواز

لاہور(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ وزیراعلیٰ نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے یاد گار شہدا پر حاضری کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے لئے بہت اعزاز اور فخر کی بات ہے ،مجھے شہدا کی یاد گار پر آنے اور خراج عقیدت پیش کرنے ،شہدا کی فیملیز سے ملاقات اور اس باوقار تقریب میں شامل ہونے کا موقع ملا،قوم کو پیغام دینا چاہتی ہوں بیرونی دفاع میں افواج پاکستان بہت اچھا کام کررہی ہیں ،افواج جاگتی ہیں تو ہم سکون سے سوتے ہیں، افواج ہماری حفاظت کرتی ہیں ، ملک کا اندرونی دفاع ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ،شہدا ہمارے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، ان کی عزت کی حفاظت، ان کی قربانی کا احترام ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا میں شہدا کی ماؤں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں، ایک ماں اس بات کو سمجھ سکتی ہے کہ اس کا بچہ گھر سے باہر جاتا ہے ، ماں انتظار میں ہوتی ہے اسکی خیریت کے لئے دعا کرتی ہے ، جب بچہ آتا ہے تو ماں سکون کی نیند سوتی ہے ، یہ جذبہ بھی ناقابل تسخیرجذبہ ہے جب ماں اپنے بچے کو میدان جنگ میں ملک کی حفاظت کے لئے بھیجتی ہے ، ماں جانتی ہے ، وہ اسے کہاں بھیج رہی ہے اور اس کے ساتھ کیا ہوسکتاہے۔

اس کو یہ پتہ ہوتاہے کہ ایک دن اس کا جسد خاکی بھی واپس آسکتاہے ،ہمارے آفیسر اور جوان بہادری سے سرحدوں پر لڑتے ہیں ۔ مریم نواز نے کہا بہادری ماں کی گود سے جنم لیتی ہے ، میں ان ماؤں اور والدین کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہوں ، شہدا کے خاندانوں، بچوں اور بیویوں کو سلام پیش کرتی ہوں ۔ انہوں نے کہا شہدا کی قربانیاں کسی بھی قوم کی ریڈ لائن ہوتی ہے ، اسے کراس کرنا،اسے توڑنا،کسی بھی محب وطن انسان کو زیب نہیں دیتا۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کے اختتام پر دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہدا پرسلامی پیش کی -مریم نوازشریف نے شہدا کی فیملیز سے ملاقات کی، شہدا کے بچوں سے اظہار شفقت کیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نوازنے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔دھرتی کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ 6 ستمبر کا دن کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان و یقین سے جیتی جاتی ہیں۔عوام مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں