نواز،مریم سےجاپانی سفیر کی ملاقات،سیاحت کے فروغ کیلئے 26رکنی کمیٹی قائم

نواز،مریم سےجاپانی سفیر کی ملاقات،سیاحت کے فروغ کیلئے 26رکنی کمیٹی قائم

لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے صدر نوازشریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے جاپان کے سفیر مٹسو ہیروواڈا نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے 26رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی ۔

جاپانی سفیر سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات کومزید وسعت دینے کیلئے پر عزم ہیں، جاپان اقوام عالم میں اپنی محنت اور لگن سے نمایاں ہے ، مریم نوازنے کہا پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم بھی بڑھانے کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں،تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری میں جاپان کا پنجاب حکومت سے تعاون لائق تحسین ہے ، پنجاب میں تعلیم، صحت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بڑا پوٹینشل موجود ہے ، صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول اور مراعات دے رہے ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ دریں اثنا پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر 26رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی، سینیٹر پرویز رشید کوچیف منسٹر سٹیئرنگ کمیٹی برائے پنجاب ٹورازم پروموشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے لئے خصوصی نامزد کیا گیا، سینئر وزیر مریم اورنگزیب کنوینر ہونگی،وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر تعمیر و مواصلات صہیب احمد ملک، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبراور ایم این اے افضل کھوکھر کوکمیٹی ممبرز مقرر کیا گیا، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ٹورازم، سیکرٹری تعمیرات،سیکرٹری انفارمشین، سیکرٹری پی اینڈ ڈی،سیکرٹری فاریسٹ، سیکرٹری انوائرنمنٹ پروٹیکشن اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، ڈی جی والڈ سٹی لاہور، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سی ای او آئی ڈیپ، سی اوای اربن یونٹ، ڈی جی پی ایچ اے ، ڈی جی وائلڈ لائف اینڈ پارکس، ڈی جی ایل ڈی اے اور پرنسپل این سی اے بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

سٹیئرنگ کمیٹی سیاحت کے فروغ کے لئے اہم سیاحتی مقامات کی تعمیر وبحالی اور مرمت کی پلاننگ کرے گی،سیاحت کے لئے موزوں تاریخی،مذہبی،ثقافتی اور تجارتی مقامات کی اپ گریڈیشن سے متعلق سفارشات پیش کرے گی، سیاحت کے فروغ کے لئے کمیونی کیشن سٹریٹجی تشکیل دے گی، سیاحت کے فروغ کے لئے ون سٹاپ سلوشن کے تحت ڈیجیٹل، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کیا جائے گا، کمیٹی سیاحت کے فروغ کے لئے پلانز کی نشاندہی، منظوری اور عملدرآمد کے لئے اشتراک کارکرے گی۔ سیاحت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرے گی، سیکرٹری ٹورازم چیف منسٹر سٹیئرنگ کمیٹی کی انتظامی معاونت کریں گے ۔کمیٹی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے 15دن میں سفارشات پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے وزیر اعظم شہبازشریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہبازشریف نے اہل فلسطین کا مقدمہ شاندار طریقے سے پیش کیا،ہر پاکستانی کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی،کشمیریوں کا مقدمہ زور دار طریقے سے پیش کیا، پاکستان اہل کشمیر اور فلسطین کے ساتھ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، شہبازشریف نے بھارت کو جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کا پیغام دیکرجرات مندانہ اقدام کیا، پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ کشمیر کا مقدمہ ہر عالمی فورم پرپیش کیا،پنجاب اہل پنجاب کے دل فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں دوران ڈکیتی ڈاکوؤں کی اکیس سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں