بانی پی ٹی آئی امن اور ملک کی ترقی کے دشمن :صوبائی وزرا

بانی پی ٹی آئی امن اور ملک کی ترقی کے دشمن :صوبائی وزرا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ9 مئی کا ماسٹر مائنڈملک میں فساد، خون خرابہ اور لاشیں چاہتا ہے ، یہ احتجاج نہیں دہشت گردی ہے ۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کی ہدایت پر خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ ہر ہفتے اسلام آباد اور پنجاب میں لشکر کشی، غنڈہ گردی اور فساد کرتا ہے ۔مریم اورنگزیب نے قبل ازیں ایک ٹویٹ میں کہاکہ راولپنڈی کے لوگوں نے پی ٹی آئی کا احتجاج مسترد کر دیا ، عوام مریم نواز پر اعتماد کرتے ہیں اور اپنی وزیرِ اعلیٰ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک ہوگا، علی امین گنڈاپور کے ساتھ پھر موئے موئے ہوگیا، سر پٹخ پٹخ کر واپس لوٹ گئے ۔ پنجاب میں غنڈہ گردی نہیں قانون کی حکمرانی چلے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کواپنی حکومت کی رٹ منوانی آتی ہے ،گنڈاپور کو اپنے صوبے کی پروا نہیں، خیبر پختونخوا کے وسائل پنجاب پر یلغار کے لئے استعمال ہو رہے ہیں، فساد گروپ والوں کے ساتھ توموئے موئے ہوگیا، چلو بھاگو۔ گنڈا پور کو پنجاب آنے کی اجازت نہ ہوتی تو وہ اٹک پل کا ’’الف‘‘بھی پار کر دکھاتے تو مانتی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میں پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس ہو رہی ہے اور یہ لوگ 2014والا ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں، اس وقت بھی چینی صدر پاکستان آرہے تھے اور ان کے دھرنا ڈرامے کی وجہ سے سی پیک لیٹ ہوا، ان کا نیا پلان حالات خراب کر کے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کو سبوتاژ کر نا ہے ۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ لاہور میں جلسے کی ناکامی کے بعد پی ٹی آئی والے بوکھلا گئے ہیں، تحریک انصاف ملک میں صرف انتشار پھیلانے کا کام کر رہی ہے ، گنڈاپور اینڈ کمپنی عوامی ریلیف کی بجائے صرف احتجاج پر وسائل خرچ کر رہے ہیں،کے پی کے عوام کو ان کی اصل حقیقت کا پتہ چل چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں