مریم نواز کا ٹرانسپورٹ پروگرام فاروویمن کا افتتاح، 19 کالجز کو بسیں فراہم

مریم نواز کا ٹرانسپورٹ پروگرام فاروویمن کا افتتاح، 19 کالجز کو بسیں فراہم

لاہور(اے پی پی، دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گرلز کالجز کیلئے چیف منسٹر ٹرانسپورٹ پروگرام فار وویمن کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کرتے ہوئے طالبات کو پاس بلالیا۔ پروگرام کے تحت 19 وویمن کالجز کو بسیں دے دی گئیں جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مزید 57 کالجوں کوٹرانسپورٹ مل جائیگی۔

وزیراعلیٰ نے بسوں کی چابیاں خواتین کالجز کے پرنسپلز کے حوالے کیں۔ مریم نواز نے بسوں کا معائنہ کیا اور گرلز کالجز کے لئے ایئر کنڈیشنڈ بسوں کی فراہمی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا پنجاب کے 76 کالجز کو تین مراحل میں بسیں فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں ٹرانسپورٹ سے محروم 19 تحصیلوں کو بسیں دی گئی ہیں جن میں بھکر،سیالکوٹ، چنیوٹ، کمالیہ، حاصل پور،ملکوال، فیروز والا، شور کوٹ،جتوئی، فتح جنگ، حسن ابدال ،کوٹ مومن، جلال پور پیر والا، کلر سیداں،پنڈی گھیب، منچن آباد،شرقپور شامل ہیں ۔ دوسرے مرحلے میں نوشہرہ ورکاں، دینہ، یزمان، پنڈی بھٹیاں، لالیاں، بھوانہ، کوٹ ادو، ٹیکسلا، سرائے عالمگیر، پپلاں کے گرلز کالجز کو بسیں ملیں گی۔بریفنگ میں بتایا گیا علامہ اقبال ٹاؤن لاہور، عیسیٰ خیل، رائے ونڈ اور سوہاوہ کے گرلز کالجز کو بھی فروری 2025 تک بسیں مل جائیں گی۔ مارچ اپریل 2025 تک مزید22بسیں اور 32 کوچز 35 تحصیلوں کو فراہم کردی جائینگی۔ وزیر اعلیٰ نے وویمن کالجز کی طالبات سے ملاقات کی،طالبات نے گلدستہ پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پنہیرو ڈا سلوا نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں فارن انویسٹرز کے لئے مراعاتی پیکیج ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ اور تجارتی حجم بڑھانے کے لئے دو طرفہ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ مختلف شعبوں میں پرتگال کے تجربات اور مشاہدات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے پائیدار اور موثر پلان طلب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار پر دنیا کی خاموشی انسانیت کے لئے ایک المیہ ہے ۔ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے ۔ یوم اظہار یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔ پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہئے فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں