بلڈنگ رولز کی خلاف ورزی: اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس سیل، ملازمین کو نکل جانیکا حکم

بلڈنگ رولز کی خلاف ورزی: اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس سیل، ملازمین کو نکل جانیکا حکم

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے نے اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہائوس کو سیل کر دیا۔سی ڈی اے حکام کے مطابق بلڈنگ رولز کی خلاف ورزی پرپختونخوا ہائوس کو سیل کیا گیا، سپیشل مجسٹریٹ سردار آصف نے متعدد بلاک کو سیل کیا۔

حکام کے مطابق رواں برس فروری اورجون میں کے پی ہاؤس کو دونوٹسزجاری کیے گئے تھے، سی ڈی اے کی جانب سے لیز ختم ہونے کے بعد کے پی ہاؤ س کو باربارنوٹس بھجوائے لیکن انتظامیہ کی جانب سے این او سی جمع نہیں کروایا گیا ۔ خیبرپختونخوا ہائوس میں موجود سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو رہائش گاہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ہائوس میں 40 کے قریب فیملی کوارٹرز ہیں جن میں ملازمین کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں۔ پختو نخو ا حکومت کے معاون خصو صی بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ پختونخوا ہائوس سیل کرنا غیر قانونی ہے ،یہ فیڈریشن کی اکائی پر جعلی حکومت کی جانب سے حملہ ہے ، کے پی ہائوس خیبرپختونخوا حکومت کی ملکیت ہے ،جعلی حکومت کے اس جعلی اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ہم اس غیر قانونی اقدام کے خلاف عدالت ضرور جائیں گے ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ کے پی ہاؤس پر حملے کی ایف آئی آر صوبے میں درج کرسکتے ہیں۔ وزیرقانون کے پی آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعمران فاروق کا قتل انگلینڈ میں ہوا مگر مقدمہ کراچی میں درج ہوا تھا، کے پی ہاؤس پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے مشاورت کرینگے ۔

انھوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس پر حملہ ملک کی سیاسی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے ، آئینی عدالت کا قیام سپریم کورٹ کے متوازی عدالت قائم کرنا ہے ۔وزیرقانون کے پی آفتاب عالم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ارکان پر دباؤ ڈالاجارہا ہے کہ ہماری طرف آؤ ورنہ نااہل کردیں گے ۔آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر بدلہ لیں گے ۔ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کے لیے 11 رکنی خصوصی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی منیر احمد لغمانی کریں گے جبکہ اراکین میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، پی ٹی آئی کے اختر خان ،افتخار مشوانی اورمحمد عارف، شفیع اللہ جان، جوہر محمد اور آصف خان شامل ہوں گے ۔پی پی پی کے احمد کریم کنڈی، جے یو آئی ف کے عدنان وزیر اور اے این پی کے محمد نثار بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں