نئے چیف جسٹس یحییٰ سے ملاقاتیں،مبار کباد یں:تعیناتی26اکتوبر سے3سال کیلئے ہوگی:اعلامیہ وکلاتنظیموں کا خیر مقدم،ہفتے کو حلف برداری چیف جسٹس فائز عیسی ٰ کے اعزاز میں کل فل کورٹ ریفرنس

نئے چیف جسٹس یحییٰ سے ملاقاتیں،مبار کباد یں:تعیناتی26اکتوبر سے3سال کیلئے ہوگی:اعلامیہ وکلاتنظیموں کا خیر مقدم،ہفتے کو حلف برداری چیف جسٹس فائز عیسی ٰ کے اعزاز میں کل فل کورٹ ریفرنس

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،نامہ نگار،دنیا نیوز) صدر مملکت نے جسٹس یحیی آفریدی کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن جاری، ہفتے کو حلف اٹھائیں گے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس فائزعیسیٰ، جسٹس منصور علی شاہ سے الگ الگ ملاقات کی جبکہ سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس کے اعزاز میں کل فل کورٹ ریفرنس ہوگا۔صدر آصف زرداری نے آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی جس کے بعد وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی گئی ہے ۔صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی ۔حلف برداری کی تقریب 26 اکتوبر کو ایوان صدر میں 11 بجے منعقد ہوگی۔ صدر مملکت آصف علی  زرداری نئے چیف جسٹس سے حلف لیں گے ۔ حلف برداری کی تقریب کیلئے تیاریاں شروع کردی گئیں ، ایوان صدر نے تقریب کیلئے مہمانوں کی فہرست مانگ لی ،جبکہ سپریم کورٹ نے فہرست دینے کیلئے (آج) جمعرات تک کا وقت مانگ لیا ہے ۔نئے چیف جسٹس پاکستان کی حلف برداری کی تقریب میں ڈھائی سے تین سو مہمانوں کی آمد متوقع ہے ۔

دریں اثنا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور نئے تعینات ہونیوالے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ،ذرائع کے مطابق ملاقات چیف جسٹس چیمبر میں ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نئے چیف جسٹس یحیی آفریدی کو مبارک باد پیش کی، جسٹس یحیی آفریدی نے مبارکباد کو قبول کیا، جسٹس آفریدی نے مقدمات کی سماعت کے بعد چیف جسٹس سے دوسری ملاقات بھی کی، دونوں ججز میں پہلی ملاقات مقدمات کی سماعت سے قبل ہوئی، جسٹس یحیی آفریدی جسٹس منصور علی شاہ کے چیمبر میں بھی گئے ۔نئے چیف جسٹس یحیی آفریدی کو ان کے چیمبر کے سٹاف نے بھی مبارک باد دی۔جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس شاہد وحید،جسٹس مسرت ہلالی نے بھی نامزد چیف جسٹس یحیی آفریدی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور مبارکباد دی۔

نامزد چیف جسٹس سے اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان بھی ملے ،ملاقات کے دوران اٹارنی جنرل نے جسٹس یحیی آفریدی کو نامزدگی پر مبارکباد پیش کی جس میں انہوں نے شکریہ ادا کیا،ملاقات میں عدالتی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا،ادھر چیف جسٹس فائزعیسیٰ سے بھی اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان نے ملاقات کی ہے ۔مزید برآں نامزد چیف جسٹس یحیی آفریدی نے عدالتی سٹاف کو بریفنگ کیلئے طلب کیا ،سپریم کورٹ کے مختلف ونگز کے سربراہان نے نامزد چیف جسٹس کو عدالتی امور پر بریفنگ دی جس پر جسٹس یحیی آفریدی نے تمام ونگز کے سربراہان کو دوبارہ بریفنگ کی ہدایت کر دی ۔ادھر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی فل کورٹ ریفرنس کل بروز جمعہ 25 اکتوبر کو ساڑھے 10بجے سپریم کورٹ میں ہوگا، فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی بھی خطاب کریں گے ۔

جبکہ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کیلئے آج جمعرات کو مکہ روانہ ہوں گے اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی فل کورٹ ریفرنس اور نئے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہونگے ،ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ اہلخانہ کے ہمراہ عمرہ پر جارہے ہیں اور یکم نومبر کو وطن واپس آئیں گے ۔پنجاب بار کونسل کے سینئر وائس چیئرمین بابر وحید اورچیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی را ؤفضل الرحمان عابدنے نامزد چیف جسٹس ، جسٹس یحیی آفریدی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا، ہم امید کرتے ہیں کہ جسٹس یحیی آفریدی بطورچیف جسٹس آف پاکستان بار اور بینچ کے مابین تعلقات کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے ،ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ 26ویں آئینی ترمیم کی کثرتِ رائے سے منظوری کے بعد ملکی و آئینی معاملات میں بہتری آئے گی۔ آئینی بینچ کی تشکیل سے آئینی معاملات بھی جلد از جلد حل ہوں گے ، سپریم کورٹ میں زیر التوا اپیلیں بھی جلد از جلد سماعت کے لیے مقرر ہو ں گی ۔

سندھ بار کونسل کے قائم مقام سیکرٹری جنرل رستم بھٹو نے جسٹس یحیی آفریدی کی نامزدگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین کردار اور ساکھ کے مالک ہیں ۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے جسٹس یحیی آفریدی کو اس اہم منصب کیلئے ایک مثالی امیدوار قرار دیا۔خیبر پختونخوا کے وکلا اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے اراکین نے بھی نئے چیف جسٹس کی تقرری کا خیرمقدم کیا،ڈسٹرکٹ بار پشاور کے رکن نعمان بخاری نے کہا جسٹس یحیی آفریدی کی تقرری خیبرپختونخوا کیلئے بڑا اعزاز ہے ،نوشہرہ بار کے رکن ملک اشفاق نے کہا نئے چیف جسٹس یحیی آفریدی سپریم کورٹ میں آئینی بینچوں کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے ۔سابق جنرل سیکرٹری پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن استغفر اﷲ خان نے کہا جسٹس یحیی آفریدی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل جج ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں