ارکان اسمبلی روٹی،آٹا اور دوسری اشیا کے نرخ خود چیک کریں:مریم نواز

ارکان اسمبلی روٹی،آٹا اور  دوسری اشیا کے نرخ خود چیک کریں:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے ارکان اسمبلی روٹی،آٹا اور دوسری اشیا کے نرخ خود چیک کریں،عوام کو مہنگائی سے پہنچنے والی تکلیف کا ازالہ ترجیحات میں سر فہرست ہے ۔

 سرگودھا  کے رکن صوبائی اسمبلی منور حسین اورسیالکوٹ کے رکن پنجاب اسمبلی محمدفیض نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں اورسی ایم انیشیٹو کی مسلسل مانیٹر نگ کا حکم دیا اور روٹی،آٹا اوردیگراشیا ئے ضروریہ کے نرخ میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا پنجا ب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی اورآٹا سب سے سستا ہے ۔روٹی اورآٹے کے نرخ میں کمی اوراستحکام کیلئے سیاسی اورانتظامی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ پنجاب میں عوامی خدمت کا قابل تحسین تاریخی معیار قائم کریں گے ۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائس کنٹرول کا باقاعدہ نظام اورعلیحدہ محکمہ قائم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا عوام کو مہنگائی کی وجہ سے پہنچنے والی معاشی تکلیف کا ازالہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقوں کے مسائل اورعوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز سے بیلجیئم کے سفیر چارلس ایڈسبالڈ وان ڈر گراچٹ ڈی رومرزوائل نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ باہمی تعاون کے فروغ اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں مستقبل میں تعاون کے فروغ کے مزید مواقع تلاش کرنے پر زوردیا گیا۔بیلجیئم کے سفیر نے وزیر اعلیٰ کی عوام دوست پالیسیوں کی تعریف کی اورحکومت پنجاب کے معاشی ویژن کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا بیلجیئم کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے ، تعلیم، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا نوجوانوں کوآئی ٹی میں عالمی معیار کی مہارتوں کی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ پنجاب میں زرعی شعبے کی میکانائزیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ بیلجیئم کے سفیرنے کہا پنجاب کے معاشی استحکام اور بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے بیلجیئم کی انویسٹر کمیونٹی بہت خوش ہے ۔ کلائمیٹ چینج کے اثرات پر کنٹرول اور انوائرمنٹ کی بہتری کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات متاثر کن ہیں ۔ پنجاب میں ماحول دوست اختراعی اقدامات کے دور رس نتائج حاصل ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں