عمران خان نے24نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کی حتمی کال دیدی:علیمہ خان:دعا ہے ملک کی ترقی میں اب کوئی رکاوٹ نہ آئے:نواز شریف
راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار ، اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی حتمی کال دے دی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ پورے پاکستان میں نکلنا ہے ۔
قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں یا نہیں۔ عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے کہا بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے ، بانی نے کہا نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے ۔ احتجاج کی یہ فائنل کال ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس ،ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے ، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے ۔فیصل چودھری نے بتایا احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جبکہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار کمیٹی کو ہوگا۔عمران خان کی ہدایت پر گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے ۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہنا تھا کہ احتجاجی کی تاریخ کا اعلان ہوگیا، ہماری تیاری پہلے ہی مکمل تھی ، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی ۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہاعمران خان کی فائنل کال حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ وزیراعلی گنڈاپور خود تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جعلی حکومت کچھ بھی کرلے ، ان کا آخری وقت آپہنچا ہے ۔ جعلی مقدمات کا خاتمہ اور عمران خان کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا۔
لندن(دنیا نیوز)صدر مسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر میری حکومت نہ گرائی جاتی تو پاکستان آج ایشین ٹائیگر ہوتا۔ دعاہے ملکی ترقی میں اب کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔ لندن میں مریم نواز کے ہمراہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے انکا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حالات بہتر ہورہے ہیں، ہم اب یہ کرکے دکھائیں گے ۔ کچھ لوگوں نے ذاتی مفاد کے لیے میری حکومت گرائی، اور مجھے ساری زندگی سیاست سے نااہل کیا، جس کا نقصان ملک کو ہوا، مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی ملک نے ترقی کی، ہمارے خلاف سازش نہ کی جاتی تو پاکستان آج جی 20 میں بھی شامل ہوچکا ہوتا۔ اب ایک بار پھر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، شہباز شریف ملک کی حالت بدلنے کے لیے دن رات کوشش کررہے ہیں، شرح سود کم ہونے کے ساتھ ترقی کی رفتار بھی پہلے سے بہتر ہے ۔مہنگائی کی کمر ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ ذخائر بہتر ہورہے ہیں۔ کارکن متحد و منظم ہیں اور انکی پارٹی کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہیلتھ کی سہولیات کوبہتربنایا جارہا ہے ، تمام بھرتیاں میرٹ پرکی جارہی ہیں۔آج پنجاب میں آٹا اور روٹی سستا ہے ، فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہو رہا ہے ، جب بھی ترقی ہوئی نواز شریف دور میں ہی ہوئی ، لوگ کہہ رہے ہیں معیشت بہتر ہو رہی ہے ، آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں ۔