یہ کہنا غلط کہ امارات پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا:ایجنڈے کے تحت چین سے تعلقات خراب کرنیکی کوششیں :دفتر خارجہ

یہ کہنا غلط کہ امارات پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا:ایجنڈے کے تحت چین سے تعلقات خراب کرنیکی کوششیں :دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ افغان انتظامیہ پاکستان کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے ،پاکستان عوام کی برداشت کو زیادہ مت آزمائیں،دہشتگرد گروہوں کیخلاف کارروائی کرے ،پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے تاہم پاکستان چینی باشندوں،کمپنیوں اور منصوبوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ آ ئندہ برس ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پرآئی سی سی آئی سے رابطے میں ہے ۔پاکستان دیگر ممالک میں ان کی انتظامیہ میں تقرریوں پر کسی قسم کا کوئی تبصرہ نہیں کرتا،پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے باکو کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر آذربائیجان، تر کیہ،ڈنمارک، چیک جمہوریہ، ڈنمارک سمیت متعدد ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کیں ۔ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں بھی شرکت کی۔انہوں نے اسرائیل پر فوری ہتھیاروں کی رسد پر پابندی کا مطالبہ کیا ۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کے حوالے سے سنجیدہ تحفظات کا اظہار کرتا ہے ،گزشتہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر منعقدہ کانفرنسوں میں وعدوں کی عدم تکمیل پر مایوسی ہوئی ہے ۔ہم شریک ممالک کو اپنے وعدے پورے کرنے کا کہتے ہیں ۔پاکستان اور چین کے درمیان متعدد موضوعات بشمول انسداد دہشتگردی پر مضبوط رابطے ہیں ،پاک چین باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کو شش کامیاب نہیں ہو گی۔ممتاززہرا بلوچ کا کہناتھاکہ ہم پاکستان کو تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے بچا نے کیلئے پر عزم ہیں۔

افغان انتظامیہ کو ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی پر زور دیتے ہیں جن کی محفوظ پناہ گاہیں وہاں موجود ہیں،ہم افغان انتظامیہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستان کی بارہا کی جانے والی درخواستوں کو سنجیدہ لیں۔افغان انتظامیہ پاکستان کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے ،پاکستان عوام کی برداشت کو زیادہ مت آزمائیں۔پاکستان اپنے چینی دوستوں اور شراکت داروں سے سکیورٹی و انسداد دہشت گردی کے حوالے سے رابطے میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم سرکاری حیثیت نہ رکھنے والے افراد کے سوشل میڈیا بیانات پر جواب نہیں دیتے نہ ہی ایسے افراد کے سوشل میڈیا بیانات کو سنجیدہ لیتے ہیں ۔چینی باشندوں، کمپنیوں اور منصوبوں کی سکیورٹی کے حوالے سے مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد ہو رہا ہے ، سی پیک منصوبوں کی حفاظت کیلئے ایک خصوصی سکیورٹی فورس قائم ہے ،ہم پاکستان چین تزویراتی شراکت داری کو ڈی ریل کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔پاکستان اور ایران دونوں کہہ چکے ہیں کہ ہم پاک ایران سرحد کو سرحد امن بنائیں گے۔

کچھ برس قبل ایک بھارتی افسر کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا،بلوچستان میں بھارتی سرگرمیوں پر تحفظات ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہناتھا کہ برطانیہ میں ہمارا ہائی کمیشن سابق چیف جسٹس کے واقعہ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے پر برطانوی انتظامیہ سے رابطے میں ہے ۔خواجہ آصف کے واقعہ پر ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستا نی شہری دنیا میں کہیں بھی ہو باعث احترام ہیں۔ پاک سعودی معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون و سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ہیں ۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے ۔ان تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہے ہم ایجنڈا پر پھیلائی گئی افواہوں کا جواب نہیں دیتے ۔ امارات میں پاکستانی شہریوں پر ویزا پابندی کے تصور سے اتفاق نہیں کرتے ،پاک بھارت چیمپئنز ٹرافی اور کرکٹ پر پاک بھارت ٹریک ٹو یا بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں ہورہی ۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی جیسے معاملات کو دیکھ رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں