سکیورٹی اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیںگے:مریم نواز

سکیورٹی اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیںگے:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں زخمی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچ گئیں،انہوں نے رینجرز اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔

وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کی بیٹے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے ،سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو نہیں چھوڑیں گے ۔چین کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو سرکاری دورے کی خصوصی دعوت دی گئی ہے وہ 8سے 15دسمبر تک اعلیٰ سطح کے وفد کیساتھ چین کا دورہ کریں گی ۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز دورہ سی ایم ایچ راولپنڈی کے دوران فرداً فرداً ہر زخمی اہلکاروں کے پاس گئیں اورخیریت دریافت کی،انہوں نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کے بلند حوصلوں اور فرض شناسی کو سراہا ،زیر علاج زخمی اہلکاروں نے انہیں احتجاج کے دوران پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کے بارے میں بتایا ، مریم نواز شریف نے زخمی اہلکاروں کو تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا ۔

وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شرپسند جماعت پی ٹی آئی نے ملک کی ترقی روکنے کیلئے انتشار کا راستہ اپنایا،ریاستی اداروں، املاک اور سکیورٹی اہلکاروں پرحملے قابل مذمت ہیں،پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا امن بحال کر رہے ہیں،شرپسند سیاسی جماعت کو جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں پر حملے کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے تھی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی مقروض ہے ،ہم زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں،انہیں زخمی کرنے والے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے جو مثال بنے گی۔

چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سنٹرل کمیٹی نے مریم نوازشریف کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا ہے ،وہ 8سے 15دسمبر تک 8 روزہ وزٹ کے دوران بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ جائیں گی ، سی پی سی کی خصوصی دعوت پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی چین جائے گا ۔وہ چین کی حکمران جماعت کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونگی۔ دعوت نامے میں گہرے باہمی مراسم اوردوستی کے فروغ جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔ دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی،میڈیکل،انڈسٹری، سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کا ر کا جائزہ لیا جائے گا۔

پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان کاروبار ی اور تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز چین کے نمایاں قائدین اور اہم حکومتی زعما سے ملاقات کرینگی، چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا۔دوسری طرف مارکیٹ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج کا ریٹ 6300کی بجائے 4500روپے پر آگیا ۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی کوششوں کے بعد ریٹ کم ہونے پر ان کاکہناتھاکہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں اور بھائیوں کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ،پنجاب کے کاشتکار کے ساتھ کھڑے ہیں او رکھڑے رہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پیداوار میں اضافے اور کاشتکار کی خوشحالی کے وژن کو پورا کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں