پختونخوا:سکیورٹی فورسز کے 2آپریشن،8دہشتگرد ہلاک،کیپٹن اور جوان شہید:میانوالی:تھانے پر حملہ4خوارجی مارے گئے

پختونخوا:سکیورٹی فورسز کے 2آپریشن،8دہشتگرد ہلاک،کیپٹن اور جوان شہید:میانوالی:تھانے پر حملہ4خوارجی مارے گئے

اسلام آباد ، لاہور (نامہ نگار ، سپیشل کرائم رپورٹر ، خبرنگار سے ، نمائندہ دنیا )سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 2مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 8خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کر دیا۔

جب کہ اس دوران پاک فوج کے ایک کیپٹن سمیت 2 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا، میانوالی میں تھانہ چاپری پر خوارجی دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا ،پولیس اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،اس دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 18کے قریب فرار ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں آپریشن کے دوران 5 خارجی ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی ضلع خیبر میں کی گئی، 3 خارجی ہلاک ہوئے جب کہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمدزوہیب الدین نے جام شہادت نوش کیا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں کیے گئے آپریشن کے دوران پنجاب کے ضلع جھنگ کے رہائشی 29 سالہ سپاہی افتخار حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ۔

معلوم ہوا ہے کہ کے پی کے سے متصل پنجاب کی بین الصوبائی سرحد پر عیسی ٰخیل سرکل کے تھا نہ چاپری پر دہشت گرد حملہ آور ہوئے جنکی تعداد 20 سے زائد تھی ان خوارجی دہشت گردوں نے بھاری اسلحہ کے ساتھ تھانہ چاپری پر اچانک حملہ کیا پولیس اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا دہشت گردوں نے تھانہ کی عمارت پر راکٹ لانچرز برسائے اور ہینڈ گرنیڈز بھی پھینکے تاہم الرٹ رہنے پر تھانہ چاپری کا تمام عملہ محفوظ رہا 4 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر میانوالی پولیس کو شاباش دی ہے ۔ کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی اور فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، اعلیٰ سول اور فوجی افسر بھی نماز جنازہ میں شریک تھے ۔و زیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب الدین کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کیپٹن زوہیب نے انتہائی بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ، شہید کیپٹن پر پوری قوم کو فخر ہے ۔صدر زرداری نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔صدرنے سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شہید کیپٹن زوہیب الدین اور شہید سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرنے کہا کہ ملکی سلامتی کی خاطر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے میانوالی کے تھانہ چاپری پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین کیا ، وزیرداخلہ نے حملہ پسپا کرنے پر میانوالی پولیس افسروں اور جوانوں کو شاباش دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں