خصوصی افراد کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے :حافظ نعیم
لاہور(سیاسی نمائندہ)الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں آگاہی تقریبات کا انعقاد ،منصورہ میں مرکزی تقریب میں معذور افراد کو ویل چیئرز، نابینا افراد کوچھڑیاں اورتحائف دیئے گئے ۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، نائب صدور الخدمت فاؤنڈیشن ذکراللہ مجاہد،ڈاکٹرمشتاق مانگٹ ، امیرلاہور ضیا الدین انصاری،صدرالخدمت لاہور احمدحمادرشید و دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔ نعیم الرحمن نے کہا ہمیں خصوصی افراد کے مسائل کو سمجھ کر ایسی سہولیات دینی چاہئیں جو انہیں باعزت خودمختار زندگی گزارنے میں مدد دے سکیں۔ ہم ایک سال میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے تنظیمی دفاترسمیت تمام بلڈنگز میں خصوصی افرادکیلئے ایسے اقدامات کرینگے جس سے انکی آمدورفت آسان بنائی جاسکے ۔پاکستان میں باہمت سپیشل افراد کے مستند اعداد و شمار کئی سال سے دستیاب نہیں ،اندازے کیمطابق 90لاکھ سے زائدسپیشل افراد ہیں لیکن اگرملک کے تمام معذورافراد کے اعداد و شمار جمع کیے جائیں تویہ تعداد کروڑوں میں ہوگی جنکی اکثریت پسماندہ علاقوں میں علاج اور ویل چیئرز سے بھی محروم ہے ،قوانین موجود ہیں،عملدرآمد نہیں ہوتاملازمتوں میں سپیشل افراد کے 2فیصدکوٹہ پربھی عمل بہت کم ہوتا ہے ۔ ہم حکومتی سطح پرخصوصی افراد کی آواز اٹھائیں گے اور انکے حق کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ذکراللہ مجاہد نے بتایا الخدمت ابتک مستحق افراد میں 45 ہزار سے زائد ویل چیئرزتقسیم کر چکی ہے ، انکی بہبود کیلئے اقدامات جاری رہیں گے ۔