کارکن بڑی کال کیلئے تیاررہیں،25دسمبر سے تحریک :حافظ نعیم

کارکن بڑی کال کیلئے تیاررہیں،25دسمبر سے تحریک :حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کارکنان کو بڑی کال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔

 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ اور جج حکمرانوں کے انگوٹھے کے نیچے آ گئے ہیں جبکہ ملک میں غریب کو انصاف نہیں ملتا اور لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں۔ جماعت اسلامی نظام عدل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اوکاڑہ اور ساہیوال سے آئے کارکنان کی بڑی تعدادشریک تھی۔نعیم الرحمن نے کہاحکومت کو بتا دیا ہے بجلی کی قیمتیں کم کرو ورنہ سڑکوں پر آئیں گے اورعوامی مسائل حل کیلئے احتجاج جاری رہے گا۔ کسانوں کے مسائل حل کیلئے 25دسمبر سے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، اس سلسلے میں منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ، وہاڑی اور پھر لاہور میں جلسے اور مارچز ہونگے ، حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور چھوٹے کسانوں کو ریلیف دے ۔گنے کی فصل کیساتھ ہی شوگر مافیا ایکٹو ہو گیا۔کارکن غیر مشروط طریقے سے تحریک کیلئے کام کریں، دنیاوی معاملات کو دین کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔ اللہ کی مدد اور عوام کی تائید سے اقتدار ملا تو وہ نظام قائم کرینگے جس سے بہت حد تک لوگوں کے مسائل نچلی سطح پر ہی حل ہو جائینگے ۔ 29دسمبر کو اسلام آباد میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملین مارچ ہو گا، ہر طبقہ فکر اس میں شرکت کرے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں